
باغ کو صاف ستھرا اور پُرامن مثالی شہر بنائیں گےAzad Kashmir
باغ کے ڈپٹی کمشنر اور پولیس سربراہ نے شہر کو غیر قانونی اڈوں، تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ اور ٹریفک کے بے ہنگم نظام سے پاک کر کے مثالی شہر بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر باغ سید ممتاز حسین کاظمی اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس باغ خواجہ امیر الدین نے باغ کو صاف ستھرا، خوبصورت اور پُرامن مثالی شہر بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے، شہر کو غیر قانونی اڈوں، تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ اور ٹریفک کے بے ہنگم نظام سے پاک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور شہر میں قائم تمام غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کو مرحلہ وار شہر سے باہر منتقل کیا جائے گا۔ ٹرانسپورٹرز کو متبادل جگہ فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ان کے کاروبار بھی متاثر نہ ہوں۔
دونوں افسران نے کہا کہ شہری نظم و ضبط کی بحالی اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باغ شہر پر ٹریفک کا بڑا دباؤ اب راولاکوٹ اور گردونواح سے آ رہا ہے، بائیکیا، ٹیکسیاں، موٹر سائیکل رکشے اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے علاوہ خریداری کے لیے آنے والے مرد و خواتین کی بڑی تعداد کے باعث شہر میں ٹریفک کا رش بڑھ گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ گزشتہ دنوں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران تاجروں کو ریڈ لائن کے نشانات لگا کر ان کی حدود متعین کر دی گئی ہیں۔ تمام دکانداروں اور تاجروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ حدود میں رہتے ہوئے خود تجاوزات ختم کریں اور اپنی دکانوں اور سامان کو نشان زدہ حدود تک محدود رکھیں تاکہ دوبارہ آپریشن کی ضرورت پیش نہ آئے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ وقت میں تجاوزات ختم نہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز دوبارہ آپریشن کیا جائے گا، جبکہ بائی پاس روڈ پر قائم تجاوزات کے خلاف بھی جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہر میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے لیے پل کے ساتھ ایک کازوے تعمیر کیا جا چکا ہے جبکہ مزید ایک کازوے تعمیر کرنے کا ارادہ بھی ہے۔ ان منصوبوں سے ٹریفک کو مختلف راستوں پر تقسیم کرنے اور ہیوی گاڑیوں کی آمدورفت کو سہل بنانے میں مدد ملے گی۔
انتظامیہ نے کہا کہ باغ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے، تجاوزات کے خاتمے اور شہری سہولیات کی بحالی کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، اور انتظامیہ شہریوں و تاجروں کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے مستقل حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔






