
کرپٹو صارفین کے تحفظ کیلئے ورچوئل اثاثہ جات الائنس قائمBusiness
اسلام آباد میں ورچوئل اثاثہ جات الائنس آف پاکستان کے قیام کا اعلان کر دیا گیا ہے جو کرپٹو سرمایہ کاروں کو دھوکہ دہی اور سائبر حملوں سے بچانے اور ملک میں اس شعبے کا مستند ڈیٹا تیار کرنے کیلئے کام کرے گا۔

پاکستان میں کرپٹو کرنسی استعمال کرنے والوں کے تحفظ کیلئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ورچوئل اثاثہ جات الائنس آف پاکستان کے باضابطہ قیام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ منگل 10 نومبر 2026 کو اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اتحاد کے رہنماؤں نے کہا کہ نیا پلیٹ فارم کرپٹو سرمایہ کاروں کو دھوکہ دہی، سائبر حملوں اور جعلی ایکسچینجز سے بچانے کیلئے کام کرے گا۔
اتحاد کی پہلی چیئرپرسن ایشیا ویب تھری الائنس جاپان کی بانی ہنزہ آصف ہوں گی جبکہ ایچ ٹی ایکس کے کنٹری منیجر سید احتشام حمدانی سینئر وائس چیئرمین ہوں گے۔ اتحاد ایشیا ویب تھری الائنس جاپان کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔ پریس کانفرنس میں صنعت سے وابستہ دیگر رہنما مبشر عرفان، محمد اسماعیل، زین العابدین، حمزہ کیانی اور شفیق الحسن بھی موجود تھے۔
اتحاد کیا کرے گا؟
اتحاد کے رہنماؤں کے مطابق اس پلیٹ فارم کا مقصد کرپٹو سے وابستہ تمام اداروں، پلیٹ فارمز اور صارفین کو ایک جگہ اکٹھا کرنا ہے تاکہ پاکستان میں ورچوئل اثاثوں کی صنعت کو منظم، شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔ اتحاد سرمایہ کاروں میں آگاہی پیدا کرنے، سائبر سکیورٹی کی تعلیم کو فروغ دینے اور بین الاقوامی بہترین طریقوں کو اپنانے پر توجہ دے گا۔ اتحاد پالیسی سازی کے حوالے سے باخبر گفتگو کو فروغ دینے، مارکیٹ کے شرکا کے درمیان تعاون مضبوط کرنے اور پاکستان کی ورچوئل اثاثہ صنعت کی عالمی سطح پر نمائندگی کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔
پریس کانفرنس میں وائس چیئرمین احتشام حمدانی نے بتایا کہ پاکستان کرپٹو اپنانے کے عالمی انڈیکس میں دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں دو کروڑ کرپٹو صارفین ہونے کا تخمینہ غیر مصدقہ ہے اور ملک میں کرپٹو صارفین اور سرمایہ کاری کے حجم کے بارے میں فی الحال کوئی قابل اعتماد ڈیٹا موجود نہیں۔ اتحاد آزاد تحقیق اور مقامی اداروں کے تعاون سے اس شعبے کا قابل بھروسہ ڈیٹا تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ درست اعداد و شمار کی بنیاد پر فیصلے کیے جا سکیں۔
رہنماؤں نے واضح کیا کہ یہ اتحاد کوئی ریگولیٹری ادارہ نہیں ہے اور اسے حکومت کی توثیق حاصل نہیں ہے۔ یہ کسی سرکاری یا ریگولیٹری ادارے کا متبادل نہیں بلکہ عوام اور متعلقہ حکام کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا۔ اتحاد جلد یونیورسٹیوں میں کرپٹو سے متعلق آگاہی کی مہم بھی شروع کرے گا تاکہ نوجوان سرمایہ کاروں کو اس شعبے کے مواقع اور خطرات سے آگاہ کیا جا سکے۔






