
محکمہ اطلاعات اور صحافیوں کے مابین رابطہ کاری ناگزیر، راشد حنیفMirpur
سیکرٹری اطلاعات محمد راشد حنیف نے دورہ میرپور کے دوران پریس فاؤنڈیشن کے ارکان اور کشمیر پریس کلب کے عہدیداران سے ملاقات کی، جس میں فاؤنڈیشن کے انتخابات، صحافیوں کی فلاح و بہبود اور محکمہ اطلاعات سے بہتر رابطہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میرپور: سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر محمد راشد حنیف نے کہا ہے کہ محکمہ اطلاعات اور صحافیوں کے مابین رابطہ کاری ناگزیر ہے، اور صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ مسائل کے حل کے لیے دستیاب تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف نے دورہ میرپور کے دوران ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ تعلقات عامہ و اطلاعات میرپور کا دورہ کیا، جہاں ان کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن کی گورننگ باڈی کے ممبران، کشمیر پریس کلب میرپور کے عہدیداران اور سینئر صحافیوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن کے آئندہ انتخابات کے انتظامات، صحافیوں کی فلاح و بہبود، انہیں درپیش پیشہ ورانہ مسائل اور محکمہ اطلاعات و صحافی برادری کے درمیان ہم آہنگی اور مؤثر رابطہ کاری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ممبر بورڈ آف گورنرز آزاد کشمیر پریس فاؤنڈیشن خالد چوہدری، صدر کشمیر پریس کلب میرپور سید عابد حسین شاہ، جنرل سیکرٹری راجہ سہراب خان جبکہ سینئر صحافیوں الطاف حمید راؤ، سجاد جرال، ارشد بٹ اور حافظ مقصود نے شرکت کی۔
شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ محکمہ اطلاعات اور صحافی برادری کے مابین باہمی تعاون، مشاورت اور رابطہ کاری کے عمل کو مزید مضبوط اور نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ صحافتی شعبے کو درپیش مسائل کا مؤثر حل ممکن ہو سکے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف نے کہا کہ محکمہ اطلاعات صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن دستیاب وسائل بروئے کار لائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صحافی ہمارا دست و بازو ہیں اور ان کے ساتھ مضبوط پیشہ ورانہ روابط کا فروغ محکمہ اطلاعات کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صحافت کے شعبے میں رونما ہونے والی تیز رفتار تبدیلیوں، جدید ٹیکنالوجی اور بدلتے ہوئے رجحانات سے ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
راشد حنیف نے کہا کہ صحافی برادری کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ ان کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ضروریات کے حوالے سے محکمہ اطلاعات اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کر سکے۔
سیکرٹری اطلاعات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ اطلاعات اور صحافی برادری کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور پیشہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔






