
فیلڈ مارشل کا میران شاہ کا دورہ، کے پی پولیس کو خراج تحسینPakistan
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میران شاہ کا دورہ کیا، یادگار شہدا پر حاضری دی اور خیبر پختونخوا پولیس کو دہشت گردی کے خلاف صف اول کی بہادر فورس قرار دیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعے کو شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کی بہادر فورس قرار دیتے ہوئے اس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میران شاہ پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو شمالی وزیرستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور دہشت گردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ انہیں علاقے میں دیرپا امن و استحکام یقینی بنانے کی حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تربیت، آپریشنل تیاری اور ملکی دفاع و سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آرمی چیف نے اسے دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف جنگ میں صف اول کی فورس قرار دیا اور پولیس کی ثابت قدمی اور جدوجہد پر فخر کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قریبی رابطے اور باہمی تعاون سے دہشت گردی کا فیصلہ کن خاتمہ کریں گے اور خیبر پختونخوا میں بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے۔
فیلڈ مارشل کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 14 نومبر کو میر علی، دتہ خیل اور علی خیل میں کارروائیوں کے دوران 16 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن میں علی خیل میں مارے گئے 12 میں دو افغان شہری بھی شامل تھے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی شہید ہوئے تھے۔






