Daily Hayat – روزنامہ حیات
Daily Hayat
زبان / Languageاردو
Tuesday, September 22, 2026
E-Paper
mumtazkhaksar6@gmail.com
+92 345 8886292
© 2026 Daily Hayat. All rights reserved. Azad Jammu & Kashmir's Premier News Organization.
ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad
HomePakistanکے پی کے سرکاری میڈیکل کالجوں میں یکساں فیس کا حکم

کے پی کے سرکاری میڈیکل کالجوں میں یکساں فیس کا حکمPakistan

hammadkhaksar
By hammadkhaksar
2026-11-25
3 min read

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں میں یکساں فیس نافذ کرنے کا حکم دے دیا ہے، تاکہ مستحق طلبہ کو سہولت ملے۔

کے پی کے سرکاری میڈیکل کالجوں میں یکساں فیس کا حکم
Share:

پشاور — خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں میں یکساں فیس اسٹرکچر متعارف کرانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یکساں فیس کے نظام سے غریب اور مستحق طلبہ کو میڈیکل تعلیم حاصل کرنے میں سہولت ملے گی اور سرکاری میڈیکل کالجوں میں فیسوں کے حوالے سے موجود فرق ختم ہوگا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت پشاور میں صوبے کے ٹیچنگ اسپتالوں میں میڈیکل سیٹس سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، سیکریٹری صحت مطیع اللہ، وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل خان اور صوبے کے 12 ٹیچنگ اسپتالوں کے ڈینز نے شرکت کی۔

ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad

اجلاس کے دوران وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل خان نے گورنر کو تعلیمی سال 2026-27 کے لیے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی اوپن میرٹ اور کوٹہ سیٹس کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر کو صوبے کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں میں اوپن میرٹ اور کوٹہ سیٹس، بجٹ، اضافی نشستوں، فیسوں اور دیگر انتظامی امور سے متعلق درپیش چیلنجز سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں خیبر میڈیکل کالج، خیبر گرلز میڈیکل کالج، ایوب میڈیکل کالج، باچا خان میڈیکل کالج، باچا خان ڈینٹل کالج، نوشہرہ میڈیکل کالج اور خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کے ڈینز نے میڈیکل سیٹس سے متعلق اپنی رپورٹس پیش کیں۔ اسی طرح سیدو میڈیکل کالج، بنوں میڈیکل کالج اور گجو خان میڈیکل کالج کے ڈینز نے بھی گورنر کو اپنے اداروں میں نشستوں کی تقسیم اور متعلقہ امور پر بریفنگ دی۔

فیصل کریم کنڈی نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو ہدایت کی کہ صوبے کے تمام سرکاری ٹیچنگ میڈیکل کالجوں میں یکساں فیس اسٹرکچر متعارف کرانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیسوں کے یکساں نظام سے غریب اور مستحق طلبہ کو میڈیکل تعلیم جاری رکھنے میں آسانی ہوگی اور انہیں غیر یکساں فیسوں کے باعث درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے صوبے کے میڈیکل کالجوں میں مختص نشستوں سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کے میڈیکل کالجوں میں نشستوں کی تعداد میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر میڈیکل کالجوں کی نشستیں کم کیے جانے سے متعلق پھیلائی جانے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیکل تعلیم کے مواقع برقرار رکھنے، فیسوں میں یکسانیت اور مستحق طلبہ کی سہولت کے لیے متعلقہ ادارے باہمی رابطے سے اقدامات کریں۔