
خیبر پختونخوا میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کی روک تھام کیلئے ٹاسک فورس قائمPakistan
خیبر پختونخوا حکومت نے پلیسر گولڈ مائننگ کے انتظام اور غیر قانونی کان کنی کی روک تھام کے لیے کثیر ادارہ جاتی ٹاسک فورس قائم کر دی ہے، جو چیف سیکریٹری کی نگرانی میں کام کرے گی۔

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں پلیسر گولڈ مائننگ کے مؤثر انتظام، غیر قانونی کان کنی کی روک تھام اور قانونی، انتظامی و عملی معاملات کا جائزہ لینے کے لیے ٹاسک فورس قائم کر دی ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاسک فورس چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کی نگرانی میں کام کرے گی، جبکہ سیکریٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور اس کے چیئرمین ہوں گے۔
ٹاسک فورس میں صوبائی انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سینٹر، محکمہ معدنیات، محکمہ قانون اور محکمہ ماحولیات کے نمائندے شامل ہوں گے، جبکہ فرنٹیئر کور نارتھ، کوہاٹ ٹاسک فورس، ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی کے نمائندے بھی اس کا حصہ ہوں گے۔
ٹاسک فورس کو پلیسر گولڈ مائننگ سے متعلق موجودہ قانونی ڈھانچے کا جائزہ لینے اور خیبر پختونخوا کے لیے علیحدہ قانون کا مسودہ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پلیسر مائننگ سے مراد ریت اور بجری جیسے ڈھیلے مواد سے سونا نکالنا ہے، جو عام طور پر دریاؤں کے کناروں پر کی جاتی ہے۔
ٹاسک فورس غیر قانونی کان کنی کی روک تھام، مجاز کان کنی کے علاقوں کے تحفظ اور کان کنی کے تمام امور پر مؤثر حکومتی نگرانی یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے گی۔ اس منصوبے میں سونے کی کان کنی سے وابستہ افراد، ٹھیکیداروں، مزدوروں، مشینری اور گاڑیوں کی رجسٹریشن و تصدیق کے ساتھ سونے کی پیداوار اور نقل و حرکت کی ڈیجیٹل نگرانی کا نظام بھی تجویز کیا جائے گا۔
ٹاسک فورس سونے کی ترسیل، ذخیرہ کرنے، خرید و فروخت اور آمدن کے نظام میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی، جبکہ اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور سرکاری محصولات کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
یہ ٹاسک فورس اس انکوائری کمیشن سے الگ ادارہ ہے جو گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 18 نومبر کو قائم کیا تھا، جس کی سربراہی ریٹائرڈ جسٹس اسد اللہ خان چمکنی کر رہے ہیں اور جو کوہاٹ، نوشہرہ، کرک اور دیگر اضلاع میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے پیمانے اور نیٹ ورکس کی تحقیقات کر رہا ہے۔ اس کمیشن کو 45 روز میں رپورٹ پیش کرنا ہے۔ یہ انکوائری 11 نومبر کو کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں دریائے سندھ کے کنارے غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن سے واپس آنے والے پولیس اہلکاروں پر حملے کے بعد قائم کی گئی تھی۔






