
نئے صوبے بنانا غیر آئینی نہیں، مصطفیٰ کمالPakistan
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبے بنانا نہ غیر آئینی ہے اور نہ غیر قانونی، ان کا کہنا ہے کہ نئے چھوٹے صوبے بننا ناگزیر ہو چکے ہیں۔

مصطفیٰ کمال کراچی میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کے سندھ ریجنل آفس کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبوں نے 17 سال میں فنڈز نیچے نہیں دیے اور پورے پاکستان کی ترقی کے لیے نئے چھوٹے صوبے ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو جب اختیارات ملیں گے تو یہ شہر ملک کی ترقی کرائے گا اور یہ شہر پاکستان کو معاشی بحران کے دلدل سے نکال سکتا ہے۔
آبادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ 2030 میں پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن جائے گا اور اتنی بڑی آبادی کو حکومت ملازمتیں فراہم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں لوگوں کو ہنر مند بناتی ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعے معیشت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سالانہ 32 ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر بھیجتے ہیں اور خبردار کیا کہ اگر یہ رقم آنا بند ہو جائے تو ملک کی معیشت تباہ ہو جائے گی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان میں 9 لاکھ نرسز کی کمی ہے، جبکہ بیرون ملک ہنر مند نرسز کو انتہائی اچھی تنخواہیں ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگوں نے نرسنگ کالجز کو کاروبار بنا رکھا تھا، ان کے دھندے کو روکا گیا اور متعلقہ قانون میں تبدیلی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ سروسز سے وابستہ افراد کو اپنے کام کے لیے اسلام آباد جانا پڑتا تھا، تاہم سندھ میں قائم ہونے والا یہ دفتر اب صوبے کا مرکزی دفتر ہوگا جہاں تمام متعلقہ اداروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیر نے کہا کہ اپنے دور میں جتنا کام کیا ہے وہ گزشتہ 50 سال کے کاموں سے زیادہ ہے، تاہم ابھی مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
نئے صوبوں پر بحث حالیہ دنوں میں خبروں میں رہی ہے، ایک سروے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانیوں کی بڑی اکثریت نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہے اور پارلیمنٹ کو اس معاملے کا فیصلہ کرنے والا فورم قرار دیا گیا ہے۔ مصطفیٰ کمال کے بیان سے اس بحث میں ایک نئی آواز شامل ہو گئی ہے، جس میں چھوٹے صوبوں کو سیاسی مطالبے کے بجائے آئینی و انتظامی ضرورت قرار دیا گیا ہے۔






