
پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں اضافے سے بھارت پریشانPakistan
بھارتی عسکری سربراہ جنرل راجا سبرامنی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خلائی صلاحیت میں اضافہ بھارت کی سیکیورٹی منصوبہ بندی کے لیے نیا چیلنج بن گیا ہے۔

نئی دہلی: بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی نے کہا ہے کہ پاکستان چین کی مدد اور اپنے قومی خلائی ادارے کے ذریعے اپنی خلائی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے، یہ ایک ایسی پیش رفت ہے جسے نئی دہلی کو اپنی سیکیورٹی منصوبہ بندی میں مدنظر رکھنا ہوگا۔ انہوں نے 27 نومبر کو نئی دہلی میں ویویکانند انٹرنیشنل فاؤنڈیشن میں خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی، غیر ملکی میڈیا نے رپورٹ کیا۔
مستقبل کی جنگ اور بھارت کی ملٹی ڈومین آپریشنز کی تیاری کے موضوع پر سیشن سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سبرامنی نے کہا کہ پاکستان کی خلائی صلاحیت چین کی مدد سے بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا خلائی ادارہ سپارکو بھی اپنی صلاحیت ترقی دے رہا ہے اور اب یہ مان کر چلنا ہوگا کہ ترکیہ بھی پاکستان کی مدد کرے گا۔
بھارتی عسکری سربراہ نے خبردار کیا کہ اصل تشویش صرف یہ نہیں کہ پاکستان سیٹلائٹ چھوڑ سکتا ہے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ وہ انٹیلیجنس، نگرانی اور جاسوسی کے ساتھ ساتھ پوزیشننگ، نیویگیشن اور ٹائمنگ کے نظاموں میں چین کی جدید صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ ان کے مطابق چین کے پاس ان شعبوں میں جو بھی صلاحیت ہے وہ پاکستان کو دستیاب ہوگی، اور بھارت کو اسے مدنظر رکھنا ہوگا۔
جنرل سبرامنی نے کہا کہ بھارت کو جواب میں اپنے خلائی نگرانی اور دفاعی نظام کو مضبوط کرنا ہوگا۔ انہوں نے اسپیس بیسڈ سرویلنس فیز تھری (ایس بی ایس-3) پروگرام کا حوالہ دیا جس کے تحت بھارت اگلے تین برس میں 52 مخصوص عسکری سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کی لاگت 26,968 کروڑ روپے ہے۔ اس منصوبے کی منظوری کابینہ کمیٹی برائے سیکیورٹی نے اکتوبر 2024 میں دی تھی، بھارتی خلائی تحقیقی تنظیم 21 سیٹلائٹ بنائے گی اور چھوڑے گی جبکہ باقی 31 نجی کمپنیاں بنائیں گی۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان نے خلائی تحقیق میں ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے۔ 25 نومبر کو پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چینی مشن شین ژو-24 کے ساتھ خلا روانہ ہوئے اور ایسا کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ وہ سائنسی تحقیق کے لیے چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں، غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان کا قیام پانچ سے دس روز کا ہے۔
اس مشن کو پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون میں ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے، اور بھارتی اخبارات، ٹی وی چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے اسے نمایاں کوریج دی۔ تاہم بھارت میں اس پیش رفت کو صرف سائنسی کامیابی کے بجائے پاکستان اور چین کے بڑھتے ہوئے تزویراتی تعاون کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔
جنرل سبرامنی نے کہا کہ بھارت کی خلائی صلاحیتوں کا براہ راست موازنہ چین سے نہیں کرنا چاہیے، اور بھارت کو صرف اتنی صلاحیت بنانی چاہیے جتنی اسے اپنی سرحدوں پر نظر رکھنے اور سیٹلائٹس کے دوبارہ ایک ہی جگہ سے گزرنے کے وقت کو کم کرنے کے لیے درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی گنتی مکمل ہو چکی ہے اور بھارت مناسب تعداد میں سیٹلائٹ چھوڑنے کی تیاری کر رہا ہے۔






