Daily Hayat – روزنامہ حیات
Daily Hayat
زبان / Languageاردو
Tuesday, September 22, 2026
E-Paper
mumtazkhaksar6@gmail.com
+92 345 8886292
© 2026 Daily Hayat. All rights reserved. Azad Jammu & Kashmir's Premier News Organization.
ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad
HomePakistanطلال چوہدری کا بلاول پر جوابی حملہ، نئے صوبوں پر تنقید

طلال چوہدری کا بلاول پر جوابی حملہ، نئے صوبوں پر تنقیدPakistan

hammadkhaksar
By hammadkhaksar
2026-11-18
3 min read

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نئے صوبوں اور آئین کے معاملے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ حکومتی اختیار پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔

طلال چوہدری کا بلاول پر جوابی حملہ، نئے صوبوں پر تنقید
Share:

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نئے صوبوں اور آئین کے معاملے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ حکومتی اختیار پیپلز پارٹی کے پاس ہے، لیکن بلاول ایسا تاثر دے رہے ہیں جیسے ان کا حکومت سے کوئی تعلق ہی نہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو آئین اور جمہوریت کے چیمپئن بنتے ہیں، لیکن عملی طور پر گورننس اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو نتائج صفر ہیں۔ جمہوریت محض تقریروں اور آئینی دفعات کی تشریح کا نام نہیں بلکہ عوام کو بہتر حکمرانی فراہم کرنا بھی اس کا لازمی حصہ ہے۔

ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad

نئے انتظامی یونٹس کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ بلاول ایک طرف انتظامی یونٹس بنانے کی حمایت کرتے ہیں، دوسری طرف جہاں بدانتظامی اور کرپشن کے مسائل ہیں وہاں صوبے کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہیں۔ انتظامی یونٹس کی ضرورت ہی وہاں زیادہ ہوتی ہے جہاں گورننس کے مسائل موجود ہوں، اور یہ پورے ملک کی بہتری کا معاملہ ہے، اسے سیاسی خواہشات سے مشروط نہیں کیا جا سکتا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کے تقریباً 70 فیصد حصے میں اقتدار رکھتی ہے، صدر مملکت اور چیئرمین سینیٹ بھی اسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں اور سندھ اور گلگت بلتستان میں بھی اسی جماعت کی حکومت ہے، اس کے باوجود بلاول ایسے بات کر رہے ہیں جیسے ان کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول اپنی سیاسی ضرورت کے مطابق کبھی آئین کی ایک شق کا حوالہ دیتے ہیں اور کبھی دوسری تشریح پیش کرتے ہیں۔

بلاول کے اس مؤقف پر کہ فیصلے گولی کے بجائے ووٹ سے ہونے چاہئیں، طلال چوہدری نے سوال اٹھایا کہ اگر فیصلے ووٹ سے ہونے چاہئیں تو پھر ووٹ سے خوف کیوں محسوس کیا جا رہا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم وقت اور حالات کے تقاضوں کے مطابق ہوتی ہیں اور قومی ضروریات کے مطابق آئینی عمل آگے بڑھتا رہے گا۔

مولانا فضل الرحمان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ان کے خلاف پہلا بیان خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے چند سادہ سوالات کیے گئے ہیں جن کا جواب دینا ضروری ہے، ان کے ساتھیوں اور صاحبزادوں کے اثاثوں سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں اور کسی پر ناجائز کمائی کا الزام ہو تو وضاحت دینا اس کی ذمہ داری ہے۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے جواب میں سوال اٹھایا کہ 27ویں آئینی ترمیم سیاسی اتفاق رائے کے بجائے عددی اکثریت کی بنیاد پر کیوں منظور کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے نظام کی ناکامی، سیاسی ری سیٹ یا صوبوں کی تقسیم کی بات نہیں کی اور مہنگائی، غربت اور بے روزگاری ملک کے مسائل ہیں، سیاسی انتقام نہیں۔

یہ تبادلہ خیال بلاول بھٹو کے 17 نومبر کو کراچی پریس کلب میں اس انتباہ کے بعد سامنے آیا ہے کہ سندھ کو زبردستی تقسیم کرنے کی کوشش سے خون خرابہ ہو سکتا ہے، جس کا جواب خواجہ آصف اور مصطفیٰ کمال سمیت وفاقی وزرا دے چکے ہیں۔

طلال چوہدری کا بلاول پر جوابی حملہ، نئے صوبوں پر تنقید