
پاکستانی خلاباز ذیشان علی کا مشن مکمل، آج رات واپسیPakistan
پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی آج رات چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ سے زمین پر واپسی کا سفر شروع کریں گے، ان کے رات تقریباً 2 بجے پہنچنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد: پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی چین کے اشتراک سے اپنا تاریخی خلائی مشن مکمل کرنے کے بعد آج رات زمین پر واپسی کا سفر شروع کریں گے، چینی میڈیا نے ہفتے کو بتایا۔
چینی میڈیا کے مطابق ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ سے دو چینی خلابازوں ژانگ ژی یوان اور لی جیا ینگ کے ہمراہ خلائی جہاز میں سوار ہو کر زمین کی جانب روانہ ہوں گے۔ ان کا خلائی جہاز شمالی چین کے علاقے ڈونگ فینگ میں اترے گا۔
واپسی کا سفر آج رات 9 بجے شروع ہوگا، جبکہ ذیشان علی کے رات تقریباً 2 بجے زمین پر پہنچنے کی توقع ہے۔ ان کی واپسی کے لیے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں۔
چینی حکام کے مطابق ذیشان علی نے خلائی مشن کے دوران انہیں سونپا گیا سائنسی تجربہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔
پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد ذیشان علی زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی اور چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر قیام کرنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہیں۔
ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شینژو 24 خلائی جہاز کے ذریعے خلائی سفر پر روانہ ہوئے تھے۔ وہ اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے شریک ہوئے اور چین کے خلابازوں کے ساتھ مشترکہ سائنسی تحقیق میں حصہ لیا۔
آزاد اردو کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خلا میں ذیشان علی سے رابطہ کر کے انہیں خراج تحسین پیش کیا تھا۔
آزاد اردو کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے دوران ذیشان علی سے کہا تھا کہ آپ 24 کروڑ پاکستانی قوم کی شان اور ہمارا فخر ہیں۔
ذیشان علی 25 نومبر کو روانہ ہوئے تھے اور 29 نومبر کی رات زمین پر واپس آ رہے ہیں، یوں یہ مشن مدار میں تقریباً چار روز کا قیام رہا۔
ان کی اس تاریخی خلائی مہم کی تکمیل پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔ آج رات ان کی زمین پر واپسی کے ساتھ ہی یہ تاریخی مشن اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔






