
بھمبر: سرکاری زمین پر قبضہ ہوا تو افسران کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، ڈپٹی کمشنر کا انتباہAzad Kashmir
ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار فیصل مغل نے کہا ہے کہ سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ سامنے آنے پر محکمہ مال کے افسران کی غفلت ثابت ہوئی تو ان کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار فیصل مغل نے خبردار کیا ہے کہ سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ سامنے آنے کی صورت میں کارروائی صرف قابض تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ متعلقہ محکمہ مال کے افسران کی غفلت یا فرائض میں کوتاہی ثابت ہونے پر ان کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ کشمیر ڈیجیٹل کے مطابق یہ بات انہوں نے بدھ 18 نومبر 2026 کو محکمہ مال کے افسران کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں ضلع بھمبر کی تینوں تحصیلوں میں محکمہ مال سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری رقبہ جات اور خالصہ سرکار کی زمینوں کا ریکارڈ مکمل طور پر محفوظ بنایا جائے اور کسی بھی سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضے کی اجازت نہ دی جائے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سرکاری اراضی کی صورتحال سے باخبر رہیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی بروقت نشاندہی کریں۔ اجلاس میں سرکاری زمینوں پر ہونے والی تعمیرات اور ہیوی مشینری کے استعمال کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے تمام معاملات کی مکمل رپورٹ طلب کر لی۔
سردار فیصل مغل نے کہا کہ سرکاری اراضی کے تحفظ کی ذمہ داری صرف قبضہ کرنے والے شخص تک محدود نہیں رہے گی۔ اگر متعلقہ محکمہ مال کے افسران یا اہلکاروں کی غفلت سامنے آئی تو ان سے بھی جواب طلب کیا جائے گا، اور فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی ثابت ہونے پر محکمانہ کارروائی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ مال کے افسران اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور سنجیدگی سے ادا کریں، محکمانہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور کارکردگی کی بنیاد پر جزا و سزا کے نظام کو مؤثر بنایا جائے تاکہ سرکاری امور میں شفافیت، جواب دہی اور نظم و ضبط کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مفاد کو ہر معاملے میں ترجیح دی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں۔
اجلاس میں ضلع بھمبر کی تینوں تحصیلوں کے ایس ڈی ایم صاحبان، افسران مال، نائب مہتمم بندوبست، تحصیلدار بندوبست، بھمبر و برنالہ کے تحصیلدار اور نائب تحصیلداران، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔






