اسلام آباد میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والا طالب علم دوران علاج جان کی بازی ہار گیا۔ ساتھی طلبا نے بدھ کی صبح احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے سفیان عباسی بی ایس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پانچویں سمسٹر کے طالب علم تھے۔ وہ پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا اور اس کی اچانک موت نے خاندان کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا۔
ساتھی طلبا کے مطابق سفیان عباسی کو گزشتہ ماہ ہاسٹل نمبر 5 کے باہر ایک آوارہ کتے نے کاٹ لیا تھا۔ زخمی حالت میں اسے راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی گئی۔
طلبا کے مطابق اتوار کی رات اچانک سفیان کی طبیعت بگڑ گئی۔ اسے دوبارہ اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ انفیکشن جسم میں تیزی سے پھیل چکا ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہو چکی ہے۔ طبی عملے کی کوششوں کے باوجود نوجوان جانبر نہ ہو سکا۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد ساتھی طلبا نے آوارہ کتوں کی موجودگی اور حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ طلبا کا کہنا ہے کہ ہاسٹلز اور ان کے اطراف آوارہ کتوں کی موجودگی کافی عرصے سے مسئلہ بنی ہوئی تھی۔ انتظامیہ کو متعدد مرتبہ اس خطرے سے آگاہ کیا گیا لیکن شکایات کے باوجود مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔
ان کے مطابق رات کے اوقات میں ہاسٹلز سے تعلیمی عمارتوں اور دیگر مقامات تک آمدورفت کرنے والے طلبا کو آوارہ کتوں کے باعث مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ کیمپس میں مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے سے طلبا کی سلامتی بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
واقعے کے خلاف طلبا نے بدھ کی صبح 10 بجے احتجاج کے لیے جمع ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفیان عباسی کی موت کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اگر کسی سطح پر غفلت ہوئی ہے تو ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ طلبا نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں اور رہائشی ہاسٹلز کے اطراف آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب انتظامیہ کے ترجمان نے جاں بحق طالب علم کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی داخلی راستوں پر سیکیورٹی گارڈز تعینات ہیں اور احاطے کے گرد چار دیواری بھی موجود ہے۔ ترجمان کے مطابق ریلوے ٹریک اور برساتی نالوں کے راستوں سے آوارہ کتے احاطے میں داخل ہو جاتے ہیں۔ ان راستوں سے کتوں کی آمدورفت روکنے کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کتوں کو مارنے پر پابندی کے باعث متعلقہ محکموں کو متعدد مرتبہ خطوط لکھے گئے اور آوارہ کتوں کو احاطے سے نکالنے کے لیے کارروائی کی درخواست کی گئی۔








