امریکا نے ایران سے تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی تجارت پر نئی پابندیاں عائد کر دیں؛ متحدہ عرب امارات، بھارت، ترکیہ، ایران اور برطانیہ سے وابستہ کمپنیوں، افراد اور جہازوں سمیت 5 بھارتی شہری بھی فہرست میں شامل۔
دبئی: امریکا نے ایران سے تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی تجارت کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے، جن کی زد میں پانچ بھارتی شہری بھی آ گئے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ان پابندیوں کا اطلاق متحدہ عرب امارات، بھارت، ترکیہ، ایران اور برطانیہ سے وابستہ کمپنیوں، افراد اور بحری جہازوں پر ہوگا۔
ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad
پابندیوں کی فہرست میں شامل پانچ بھارتی شہریوں میں دھوانی نثارگ وورا اور نثارگ سمیر وورا بھارتی کمپنی ‘ایس ایس پی ایل سلوشنز’ کے ڈائریکٹر ہیں، جبکہ کیتن منوہر کوچیکار، بھپیندر سنگھ دھال سنگھ ساہو اور ہریش یام ہری ہارن چنداکاٹل ‘سمودرا میرین سروسز’ کے ڈائریکٹر ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ان کمپنیوں نے ایرانی پیٹروکیمیکل مصنوعات کی تجارت یا درآمد میں کردار ادا کیا۔
ترکیہ کے شہری سعید احمد نورزاد بھی پابندیوں کی زد میں آئے ہیں، جو ترکیہ کی کمپنی ‘نورزاد پیٹروکیمیا’ کے ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق اس کمپنی نے تقریباً 38 لاکھ ڈالر مالیت کی ایرانی پیٹروکیمیکل مصنوعات خریدیں۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات کی ‘عربین پرو میٹیریلز’ پر تقریباً 20 لاکھ ڈالر کی ایرانی پیٹروکیمیکل مصنوعات برآمد کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ امارات میں قائم ‘ہورائزن شپ مینجمنٹ’ اور ‘ہیسونائٹ شپ مینجمنٹ’ بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں — امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان کمپنیوں سے منسلک جہازوں نے ایرانی تیل اور گیس کی مصنوعات منتقل کیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ کارروائی ایران کو تیل اور پیٹروکیمیکل تجارت سے حاصل ہونے والی آمدنی محدود کرنے کی امریکی کوششوں کا حصہ ہے۔