
میرپور: ہریام پل کو نقصان سے بچانے کیلئے ڈی سی کو درخواستMirpur
میرپور کے سینئر قانون دان نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ رٹھوعہ ہریام پل کو بھاری گاڑیوں، غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات سے محفوظ بنایا جائے، ورنہ غفلت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

میرپور: میرپور کے سینئر قانون دان نے ڈپٹی کمشنر میرپور کو تحریری درخواست دے کر رٹھوعہ ہریام پل کو نقصان سے بچانے اور عوامی جان و مال کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
ہائی کورٹ کے معروف قانون دان خواجہ محمد آفاق ایڈووکیٹ نے اپنی درخواست میں پل پر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی، غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے اور پل پر ون ویلنگ روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے پل کے دونوں اطراف ٹریفک پولیس تعینات کرنے، ضروری مقامات پر پولیس چوکیاں قائم کرنے اور تمام تجاوزات فوری طور پر ختم کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پل کا غیر محتاط اور غیر ذمہ دارانہ استعمال اس کی پائیداری اور عوامی تحفظ کیلئے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق 22 ویلر بھاری ٹرک اور لوڈر گاڑیاں سامان سمیت پل سے گزر رہی ہیں، جس سے پل کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ بعض افراد پل کے درمیان گاڑیاں پارک کر دیتے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پل کے دونوں اطراف ریڑھیوں اور اسٹالز کے قیام سے بھی ٹریفک کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے، جبکہ پل پر ون ویلنگ جیسے خطرناک کرتب قیمتی انسانی جانوں کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہریام پل میرپور کے عوام کیلئے ایک اہم سہولت اور خطے کا قیمتی اثاثہ ہے، جس کی بدولت نہ صرف سفری فاصلے کم ہوئے بلکہ آزاد کشمیر بھر کے لوگوں کو آمدورفت میں بھی نمایاں آسانی میسر آئی ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ میرپور نے کہا کہ انتظامیہ بھی اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے اور بہت جلد ضروری احکامات جاری کیے جائیں گے، تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ پل کو کسی ممکنہ بڑے حادثے سے محفوظ رکھا جا سکے۔ درخواست کی ایک نقل ایس ایس پی میرپور کو بھی ارسال کی گئی۔
خواجہ محمد آفاق ایڈووکیٹ نے ایس ایس پی میرپور سے ملاقات بھی کی، جس میں ایس ایس پی نے معاملے پر فوری اقدامات اور ضروری احکامات جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ آفاق نے کہا کہ انہوں نے یہ درخواست میرپور کے عوام کے مفاد اور مستقبل میں پیش آنے والے ممکنہ مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داری سمجھ کر دی ہے، اور ہریام پل عوام کی امانت ہے جس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
منگلا ڈیم کے ذخیرے پر بنایا گیا تین کلومیٹر طویل یہ پل، جسے اسلام گڑھ پل بھی کہا جاتا ہے، 18 نومبر 2026 کو وزیراعظم شہباز شریف نے افتتاح کیا تھا۔ تقریباً دس ارب روپے کی لاگت سے بنایا گیا یہ پل میرپور شہر کو اسلام گڑھ ٹاؤن سے ملاتا ہے اور کوٹلی، چکسواری، ڈڈیال اور گردونواح کے لوگوں کے سفر کا وقت کم کرتا ہے۔






