
اے ڈی بی کی پاکستان کیلئے 250 ملین ڈالر قرض کی منظوریPakistan
ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ مضبوط بنانے اور نجی سرمایہ کاری راغب کرنے والے منصوبوں کی فہرست تیار کرنے کیلئے 250 ملین ڈالر قرض کی منظوری دی ہے۔

منیلا: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے بدھ کو پاکستان کیلئے 250 ملین ڈالر کے پالیسی پر مبنی قرض کی منظوری دی ہے، جس کا مقصد پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے نظام کو مضبوط بنانا اور نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے والے قابل عمل اور پائیدار منصوبوں کی فہرست تیار کرنا ہے۔
یہ قرض پائیدار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ کے پروگرام کی مدد کرے گا، جس کا مقصد حکومت اور نجی کمپنیوں کی شراکت سے بنیادی ڈھانچے اور خدمات کے منصوبوں کی منصوبہ بندی، تیاری اور فراہمی کے طریقہ کار کو بہتر بنانا ہے۔ اے ڈی بی کی مدد سے حکومت نے 2026 سے 2030 تک کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کی درمیانی مدت کی فہرست منظور کی ہے۔
یہ پروگرام 2024 میں منظور شدہ پہلے مرحلے پر مبنی ہے، جس میں پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کیلئے قانونی اور پالیسی ڈھانچہ مضبوط بنایا گیا تھا۔ نیا مرحلہ قواعد طے کرنے سے آگے بڑھ کر ایسے منصوبوں کی فہرست تیار کرے گا جن کی نجی سرمایہ کار مالی اعانت کر سکیں اور انہیں مکمل کر سکیں۔
پروگرام کیلئے اے ڈی بی کے ٹیکنیکل اسسٹنس اسپیشل فنڈ سے 11 لاکھ ڈالر اور ایشیا پیسیفک پراجیکٹ پریپریشن فیسلٹی سے 9 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی تکنیکی مدد بھی دی جائے گی، جس سے منصوبوں کی تیاری اور انہیں سنبھالنے والے اداروں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت حکومت نجی کمپنیوں کے ساتھ مل کر سڑکوں، توانائی اور پانی جیسے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے تعمیر اور چلا سکتی ہے، جس میں نجی شراکت دار لاگت اور خطرہ بانٹتا ہے۔ پاکستان معاشی ترقی بڑھانے اور سرکاری مالیات پر دباؤ کم کرنے کیلئے بنیادی ڈھانچے میں مزید نجی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔
اکتوبر میں حکومت کی منصوبہ بندی کمیٹی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ڈھانچہ مضبوط بنانے کیلئے 250 ملین ڈالر قرض کی تجویز کو اصولی منظوری دے دی تھی۔ بدھ کا فیصلہ اے ڈی بی بورڈ کی جانب سے اس مالی اعانت کی باضابطہ منظوری ہے۔
یہ منظوری پاکستان کیلئے اے ڈی بی کے قرضوں کے ایک مصروف مہینے میں سامنے آئی ہے۔ بینک نے 11 نومبر کو 500 ملین ڈالر کی ہنگامی آفات مالی اعانت اور 17 نومبر کو وفاقی پنشن اصلاحات کیلئے 500 ملین ڈالر کے نتائج پر مبنی قرض کی منظوری دی تھی۔





