
عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اپیلوں کی سماعت کل ہوگیPakistan
اسلام آباد ہائیکورٹ کل پی ٹی آئی بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کرے گی، فریقین کو حتمی دلائل پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کل سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کرے گی۔
چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ عدالت نے دونوں فریقین کو حتمی دلائل پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی نے طبی علاج کے لیے اسپتال منتقلی کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریری حکم نامے میں بینچ نے اپیلوں پر حتمی دلائل کے لیے 18 نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے اور رجسٹرار آفس کو کیس کی پیپر بکس مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
10 نومبر کی گزشتہ سماعت پر عدالت نے حکام کو ہدایت دی تھی کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ان کے وکلا سے اڈیالہ جیل میں ایک گھنٹے کی ملاقات کا انتظام کیا جائے تاکہ دلائل سے قبل قانونی امور پر مشاورت مکمل ہو سکے، جس کے بعد کارروائی ملتوی کر دی گئی تھی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 17 جنوری 2025 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ دونوں نے بعد میں اپنی سزاؤں کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔






