قائداعظم یونیورسٹی میں ثقافتی شو کے انعقاد پر 6 طلبہ مشکل میں پڑ گئے ہیں، یونیورسٹی انتظامیہ نے بغیر اجازت تقریب منعقد کرنے پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
نوٹس سرائیکی اسٹوڈنٹس کونسل کے 6 ارکان کو جاری کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے مزید 15 طلبہ کی فہرست بھی تیار کر لی ہے جن کے خلاف اسی طرح کی کارروائی ہو سکتی ہے۔
طلبہ نے 5 نومبر کو یونیورسٹی میں انتظامیہ کی اجازت کے بغیر ثقافتی شو کا اہتمام کیا تھا۔
اس سے قبل پشتون اور مہران کونسل سے تعلق رکھنے والے 20 سے زائد طلبہ کو بھی اسی طرح کی سرگرمیوں پر شوکاز نوٹس مل چکے ہیں۔
اس کارروائی پر طلبہ میں تشویش پائی جاتی ہے، بہت سے طلبہ نے کیمپس میں ثقافتی سرگرمیوں پر نوٹس جاری کیے جانے پر اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
تاہم یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلبہ نے ماضی میں کئی بار یونیورسٹی کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔ انتظامیہ کا موقف ہے کہ ثقافتی تقریب سرکاری اجازت کے بغیر منعقد کی گئی تھی۔








