Daily Hayat – روزنامہ حیات
Daily Hayat
زبان / Languageاردو
Tuesday, September 22, 2026
E-Paper
mumtazkhaksar6@gmail.com
+92 345 8886292
© 2026 Daily Hayat. All rights reserved. Azad Jammu & Kashmir's Premier News Organization.
ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad
HomePakistanگورنر خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس، 29 میگا منصوبوں کا جائزہ

گورنر خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس، 29 میگا منصوبوں کا جائزہPakistan

hammadkhaksar
By hammadkhaksar
2026-11-17
3 min read

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت اجلاس میں 29 بڑے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں گانول ٹورازم زون، کالام اسکی ریزورٹ اور رشکئی اکنامک زون شامل ہیں، جنہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔

گورنر خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس، 29 میگا منصوبوں کا جائزہ
Share:

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے 29 بڑے ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

پیر کے روز پشاور میں ہونے والے اجلاس میں صوبے کے ترقیاتی منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور مجوزہ قانون سازی پر غور کیا گیا۔ حکام نے گورنر کو خیبرپختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے مجوزہ بل کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی، جس میں اتھارٹی کے انتظامی ڈھانچے، اختیارات اور ذمہ داریوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad

حکام کے مطابق 29 منصوبے سیاحت، صنعت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں پر محیط ہیں۔ ان میں ضلع مانسہرہ کا انٹیگریٹڈ ٹورازم زون گانول، کالام کا بویون اسکی ریزورٹ اور رشکئی اسپیشل اکنامک زون خصوصی اہمیت رکھتے ہیں، جن کے ذریعے صوبے کے سیاحتی اور صنعتی شعبوں میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

اجلاس میں مشیر برائے منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ خان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسلام زیب سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا مؤثر نظام صوبے میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماڈل کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

گورنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر عمل درآمد کے دوران شفافیت کو بنیادی اہمیت دی جائے، منصوبوں کی نگرانی کا مؤثر نظام بنایا جائے اور ان کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کو اعتماد دینا اور انہیں کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے، اور نجی شعبے کو سہولتیں ملنے سے صوبے میں سرمایہ کاری کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔

اجلاس میں 29 منصوبوں پر پیش رفت اور مجوزہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے قیام سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، جب کہ ان منصوبوں کو شفاف اور مؤثر انداز میں آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔

یہ پیش رفت خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد سامنے آئی ہے، جس کے تحت گورنر نے صوبے کا انتظامی کنٹرول سنبھال رکھا ہے۔ وفاقی حکومت نے صوبے کے لیے الگ سے 160 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج بھی اعلان کر رکھا ہے، جس کا 70 فیصد حصہ سیکیورٹی چیلنجز سے سب سے زیادہ متاثرہ 12 اضلاع کے لیے مختص ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس، 29 میگا منصوبوں کا جائزہ