
وزرا کی غیر حاضری پر اسپیکر پنجاب اسمبلی برہم، اجلاس 15 منٹ میں ملتویPakistan
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزرا اور پارلیمانی سیکرٹریز کی مسلسل غیر حاضری پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے، جب ڈھائی گھنٹے تاخیر سے شروع ہونے والا اجلاس صرف 15 منٹ میں ملتوی کر دیا گیا۔

اسپیکر نے یہ معاملہ اس وقت اٹھایا جب حکومتی ارکان کی ناکافی حاضری کے باعث اجلاس مختصر کرنا پڑا۔ صرف ایک ایجنڈا آئٹم پر کارروائی ہوئی جس کے بعد انہوں نے اجلاس جمعہ تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
اجلاس شروع ہوتے ہی اسپیکر نے وزرا اور پارلیمانی سیکرٹریز کی غیر حاضری کا سخت نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات روز میں سے چار روز نہ وزرا آئے اور نہ پارلیمانی سیکرٹریز، جس کی وجہ سے ایجنڈے میں تبدیلیاں کرنی پڑیں۔
وزرا کا تین تین گھنٹے تک انتظار کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ حاضری کی درخواستیں کرتے کرتے تھک چکے ہیں اور اس معاملے کو اب مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے اسمبلی سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے پر وزیراعلیٰ کے دفتر کو خط لکھیں اور دونوں پارلیمانی وپس کو ہدایت کی کہ وہ ارکان کو آئندہ اجلاسوں میں حاضری یقینی بنانے کے لیے مراسلے بھیجیں۔
اسپیکر نے اعلان کیا کہ جو وزیر اجلاس میں نہ آ سکے اسے صرف سیکرٹریٹ کو مطلع کرنے کے بجائے براہ راست انہیں آگاہ کرنا ہو گا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ارکان نے ایوان میں آنے کا ارادہ ہی نہیں ہے تو وہ لاکھوں روپے تنخواہیں کیوں لے رہے ہیں، اور خزانہ بینچوں کی بار بار غیر حاضری پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔





