مظفرآباد (حیات نیوز) یوم ختم نبوت کانفرنس چھ فروری کو مظفرآباد میں ہوگی ، اجلاس میں فیصلہ ،انتظامی کمیٹیاں تشکیل۔چھ فروری 2018 کو اذاد کشمیر اسمبلی سے پاس ہونے والے ختم نبوت بل کی مناسبت سے تحریک تحفظ ختم نبوت آزاد کشمیر کے زیر اہتمام 6 فروری 2025 کو مظفرآباد میں عظیم الشان “یوم ختم نبوت کانفرنس”روز مارکی ہال میں منعقد ہوگی،۔
کانفرنس کے انتظامی امور کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جس میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں تاکہ اجتماع کے انتظامات کو مؤثر اور مربوط بنایا جا سکے۔مختلف کمیٹیوں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں، جن میں دعوت و تبلیغ، استقبالیہ، سیکورٹی، اور دیگر انتظامی امور شامل ہیں۔
تحریک تحفظ ختم نبوت آزاد کشمیر کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ کانفرنس آزاد کشمیر کی تاریخ میں عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے ایک یادگار اور مؤثر اجتماع ثابت ہوگی۔
اس موقع پر حکومت سے اپیل کی کہ کانفرنس کے انتظامات میں تعاون فراہم کیا جائے اور 2 مئی 2024 کو آزاد کشمیر اسمبلی میں منظور ہونے والی قرارداد، جس میں غیر مسلموں کو مسلم ووٹر لسٹوں سے علیحدہ کرنے کی منظوری دی گئی تھی، پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر اطلاعات مولانا پیر مظہر سعید سے ملاقات کے دوران تحریک کے وفد نے انہیں دعوت دیتے ہوئے کہا یہ کانفرنس امت مسلمہ کے اتحاد اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے حوالے سے ایک مضبوط پیغام دے گی۔
وزیر اطلاعات نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت نہ صرف کانفرنس کے انتظامات میں معاونت کرے گی بلکہ قرارداد پر عمل درآمد کو بھی جلد یقینی بنایا جائے گا6 فروری کی کانفرنس میں علماء ، مشائخ، دانشور، سیاستدان، اور عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
اس اجتماع میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے عملی تجاویز پیش کی جائیں گی اور اس مقدس عقیدے کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔تحریک تحفظ ختم نبوت آزاد کشمیر کے رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کانفرنس میں بھرپور شرکت کرکے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کریں۔ یہ اجتماع امت مسلمہ کے لیے اتحاد، یکجہتی اور بیداری کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا –