
آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے حمزہ مجید بزمی کا ووٹ خارج کرنے کا حکم دے دیاAzad Kashmir
کمیشن نے فیصلہ دیا کہ بزمی کا خاندان مظفرآباد سے تعلق رکھتا ہے، اس لیے وہ پاکستان میں مقیم مہاجرین کے حلقے میں ووٹ نہیں ڈال سکتے۔

آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے مہاجر حلقے سے الیکشن لڑنے والے سابق امیدوار اسمبلی حمزہ مجید بزمی کا اسٹیٹ سبجیکٹ جعلی قرار دیتے ہوئے ان کا نام انتخابی فہرست سے خارج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
کمیشن نے کہا کہ بزمی پاکستان میں مقیم مہاجر کی تعریف پر پورا نہیں اترتے، کیونکہ ان کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع مظفرآباد سے ہے، اس لیے وہ مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقے ایل اے 44 ویلی 5 کے ووٹر نہیں رہ سکتے۔
بزمی کا اسٹیٹ سبجیکٹ سابق وزیر ٹرانسپورٹ جاوید بٹ نے چیلنج کیا تھا، جن کا موقف تھا کہ بزمی پاکستان میں آباد مستند مہاجر نہیں ہیں اور ان کے پاس درست اسٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفکیٹ نہیں ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ بزمی کے آباؤ اجداد 1947 میں بارہمولہ سے ہجرت کر کے آزاد کشمیر (مظفرآباد) میں آباد ہوئے تھے، اس لیے وہ مہاجرین مقیم پاکستان کے لیے مخصوص نشست کے ووٹر بننے کے اہل نہیں ہیں۔
کمیشن نے جاوید بٹ کی درخواست تکنیکی بنیادوں پر خارج کر دی، کیونکہ وہ کسی دوسرے حلقے کے رہائشی ہیں، تاہم اپنے اختیارات (آزاد کشمیر الیکشنز ایکٹ 2020 کی دفعہ 28) کے تحت بزمی کا نام ووٹر لسٹ سے خارج کرنے کا حکم دے دیا۔
یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل اور سینئر ممبر محمد احسن نے جاری کیا۔






