تبلیغی جماعت کے امیر مولانا نذر الرحمن پیر کو 97 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، جس پر ملک بھر میں مذہبی و علمی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
وہ کچھ عرصے سے بیمار تھے۔ مولانا نذر الرحمن نومبر 2018 میں حاجی عبدالوہاب کے انتقال کے بعد تبلیغی جماعت کے امیر بنے تھے، اس سے قبل وہ جماعت کے نائب امیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
وہ 1929 میں ضلع راولپنڈی کے گاؤں بلاول میں پیدا ہوئے، ابتدائی دینی تعلیم مولانا عبدالخالق سے حاصل کی اور 1950 میں شیخ الحدیث مولانا سلطان محمود سے حدیث کی تکمیل کی۔
انہوں نے 1950 سے 1955 تک اپنے گاؤں کی مسجد میں امامت کی، پھر ٹیکسلا، واہ کینٹ اور راولپنڈی میں دینی خدمات انجام دیں، اور 1971 میں رائیونڈ مرکز کی مدرسہ عربیہ سے وابستہ ہو کر حدیث پڑھاتے رہے۔
انہوں نے پانچ دہائیوں سے زائد عرصہ دینی تعلیم، تبلیغ اور تدریس میں گزارا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ اور جماعت کے بزرگوں سے تعزیت کی۔
ان کی نماز جنازہ تبلیغی جماعت کے مرکز رائیونڈ میں ادا کی گئی۔








