راولپنڈی پولیس نے کہا ہے کہ ٹیلی ویژن اینکر پرسن رابعہ احسن کو ان کے شوہر احسن طاہر نے گولی ماری تھی، تاہم یہ جانچا جا رہا ہے کہ فائرنگ جان بوجھ کر کی گئی یا حادثاتی طور پر ہوئی۔
سٹی پولیس افسر حسن مشتاق سکھیرا نے پیر کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کا موقف ہے کہ بندوق حادثاتی طور پر چل گئی تھی، تاہم تفتیش کار معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (انویسٹی گیشن) کی نگرانی میں پیشہ ورانہ ٹیم تحقیقات کر رہی ہے، اہم شواہد اکٹھے کر کے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی لاہور کو بھیج دیے گئے ہیں اور ملزم کا پولی گراف ٹیسٹ بھی کیا جا رہا ہے۔
سکھیرا نے کہا کہ مقدمے میں صرف ایک شخص کو ملزم نامزد کیا گیا ہے، تحقیقات مکمل ہونے اور فرانزک رپورٹ آنے کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
عدالت نے 14 نومبر کو ملزم کا مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔
رابعہ احسن 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں اپنے گھر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی تھیں، ان کے بھائی خرم احمد کی شکایت پر صدر بیرونی تھانے میں قتل کا مقدمہ درج ہے۔








