
ہانگ کانگ سکسز: دفاعی چیمپئن پاکستان کا پلیٹ سیمی فائنل میں میزبان ہانگ کانگ سے مقابلہSports
ہانگ کانگ: دفاعی چیمپئن پاکستان ہانگ کانگ سکسز 2026 کے مین کپ کی دوڑ سے باہر ہو گیا ہے اور اب پلیٹ سیمی فائنل میں میزبان ہانگ کانگ سے مقابلہ کر رہا ہے۔ یہ میچ آج ہفتے کو مونگ کوک کے مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ کا آغاز مایوس […]

پاکستان نے ٹورنامنٹ کا آغاز مایوس کن شکست سے کیا تھا۔ گروپ سی کے پہلے میچ میں پاکستان نے چھ اوورز میں 106 رنز بنائے جس میں کپتان عباس آفریدی نے صرف 13 گیندوں پر 53 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ تاہم یو اے ای نے آخری گیند پر 107 رنز کا ہدف پورا کر کے ایک وکٹ سے فتح حاصل کر لی۔ یو اے ای کے کپتان خالد شاہ نے 20 گیندوں پر 71 رنز بنائے تھے۔
دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔ بھارت کی ٹیم 88 رنز تک محدود رہی جبکہ پاکستان نے ہدف صرف 3.5 اوورز میں 91 رنز بنا کر پورا کر لیا۔ عباس آفریدی نے 8 گیندوں پر 35 رنز بنائے جن میں ایک ہی اوور میں پانچ چھکے شامل تھے جبکہ خواجہ نافع نے 12 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی۔
تاہم یو اے ای نے بھارت کو بھی شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے تحت ہر گروپ سے صرف پہلی ٹیم مین کپ سیمی فائنل میں جاتی ہے، اس لیے دوسرے نمبر پر رہنے والا پاکستان کپ کی دوڑ سے باہر ہو گیا اور اسے پلیٹ ٹورنامنٹ میں جانا پڑا۔
پلیٹ سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ میزبان ہانگ کانگ سے ہے جس نے گروپ مرحلے میں انگلینڈ کو 61 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان کی ٹیم پلیٹ ٹرافی جیت کر ٹورنامنٹ میں اپنی ساکھ بچانے کی کوشش کرے گی۔






