بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ابتدا میں اچھی شروعات کی جب راہول ترپاٹھی نے انگلینڈ کے کپتان جان سمپسن کو صرف 7 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ تاہم اس کے بعد مارٹن اینڈرسن نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور صرف 13 گیندوں پر 51 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ ان کی اننگز میں تین چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔ انگلینڈ نے چھ اوورز میں 124 رنز بنائے۔
جواب میں بھارت کی اننگز بھی سنسنی خیز رہی۔ راہول ترپاٹھی نے 13 گیندوں پر ناقابل شکست 55 رنز بنائے جن میں دو چوکے اور سات چھکے شامل تھے۔ ایک موقع پر بھارت نے 5.2 اوورز میں 109 رنز بنا لیے تھے اور اسے آخری چار گیندوں پر 16 رنز چاہیے تھے لیکن انگلش بولرز نے آخری لمحات میں میچ پر گرفت مضبوط رکھی۔
بھارت کی ٹیم چھ اوورز میں 121 رنز ہی بنا سکی اور یوں انگلینڈ نے 3 رنز سے فتح حاصل کر لی۔ مارٹن اینڈرسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یہ بھارت کی ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری شکست ہے۔ اس سے قبل بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں 4 وکٹوں اور یو اے ای کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔








