کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (کورٹ) کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹلی میں قائم کردہ برن یونٹ محکمہ صحت آزاد کشمیر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر، چیئرمین کورٹ چوہدری محمد اختر، اراکین قانون ساز اسمبلی اور مقامی طبی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب کے دوران سیکرٹری صحت آزاد کشمیر بریگیڈیئر تاشفین بن نذیر اور کورٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عثمان نے برن یونٹ کی حوالگی اور وصولی سے متعلق دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
بعد ازاں سیکرٹری صحت نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کوٹلی کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کے طبی عملے سے ملاقات کی اور وزیر صحت کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔
برن یونٹ کی حوالگی کے بعد منصوبے کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا، جس کے تحت عملے کی آسامیوں کی منظوری، بھرتی، تربیت اور تنخواہوں کے لیے مستقل بجٹ کی فراہمی کے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ یونٹ کو طویل المدتی بنیادوں پر فعال اور پائیدار انداز میں چلایا جا سکے۔








