سیالکوٹ میں سسرالیوں کے مبینہ وحشیانہ تشدد اور پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کے نتیجے میں جھلسنے والی سیالکوٹ کی رہائشی خاتون ماریہ لاہور کے اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق 10 نومبر کو گھریلو ناچاقی پر سسرالیوں نے ماریہ کو مبینہ طور پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور ان پر پیٹرول چھڑک کر جلانے کی کوشش کی، جس کے بعد متاثرہ خاتون کو تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں۔
متوفیہ کے والد ارشد محمود نے بتایا کہ ماریہ کی شادی 7 سال قبل وقاص مجید سے ہوئی تھی اور ان کی 3 بیٹیاں ہیں۔ والد نے الزام عائد کیا کہ ساس، سسر اور نندیں ان کی بیٹی کو اکثر بلاوجہ تشدد کا نشانہ بناتے تھے۔
متاثرہ خاتون کے والد کی مدعیت میں ساس، سسر اور نندوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم سسر مجید کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مفرور ساس اور نندوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ماریہ کا شوہر وقاص مجید رنگ (پینٹ) کا کام کرتا ہے اور ابتدائی مقدمے میں اس کا نام شامل نہیں کرایا گیا تھا، تاہم دوپہر کے وقت ماریہ کی حالت زیادہ بگڑنے پر شوہر لاہور کے اسپتال سے فرار ہو گیا۔ اس رپورٹ میں تمام الزامات خاندان اور پولیس کے بیانات کے مطابق ہیں اور مقدمے کی تفتیش جاری ہے۔








