
جعلی ادویات کی روک تھام کیلئے ڈریپ نے 2 ڈی بارکوڈنگ اور سیریلائزیشن لازمی قرار دے دیPakistan
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے ملک میں تیار اور درآمد کی جانے والی تمام ادویات کیلئے 2 ڈی ڈیٹا میٹرکس بارکوڈ اور سیریلائزیشن لازمی قرار دے دی ہے، تاکہ ادویات کی حفاظت بہتر ہو اور جعلی ادویات کی فروخت روکی جا سکے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے 9 اکتوبر 2026 سے ملک میں تیار اور درآمد کی جانے والی تمام ادویات کیلئے 2 ڈی ڈیٹا میٹرکس بارکوڈ اور سیریلائزیشن لازمی قرار دے دی ہے، تاکہ ادویات کی حفاظت بہتر ہو اور جعلی ادویات کی فروخت کو روکا جا سکے۔
سرکاری اعلان کے مطابق تمام مقامی دوا ساز کمپنیوں اور ادویات درآمد کرنے والوں کو نئے قوانین پر عمل کرنا ہوگا۔ نئے نظام کے تحت ادویات کی پیکنگ پر تیاری اور میعاد ختم ہونے کی تاریخیں، بیچ نمبر، قیمت اور ایک منفرد سیریل نمبر واضح طور پر درج ہونا چاہیے۔
ڈریپ نے کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں درج کی گئی تمام معلومات کو پیکنگ پر چھپی تفصیلات سے بالکل مطابقت رکھنے کو یقینی بنائیں۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ غلط معلومات، جعلی ڈیجیٹل ریکارڈ یا جمع کرائے گئے ڈیٹا میں کسی بھی تبدیلی کو قوانین کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔
ڈریپ کے انسپکٹر دوا ساز فیکٹریوں، درآمد کنندگان اور سپلائی چین مراکز کا دورہ کر کے تعمیل کی جانچ کریں گے۔ وہ ادویات کے بیچوں کی تصدیق بھی کریں گے اور پیکنگ کی تفصیلات کا ٹریکنگ سسٹم میں موجود ڈیٹا سے موازنہ کریں گے۔ بارکوڈنگ اور سیریلائزیشن کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف ڈریپ ایکٹ اور ڈرگز ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
تاہم 9 اکتوبر 2026 سے قبل تیار کی گئی ادویات کو اس نئی شرط سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ دوا ساز کمپنیاں اور تقسیم کار اپنا موجودہ اسٹاک مکمل فروخت ہونے تک فروخت جاری رکھ سکتے ہیں۔






