وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب 17 سے 19 نومبر تک تین روزہ سرکاری دورے پر سنگاپور پہنچ گئے ہیں۔
سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے آمد پر وزیر خزانہ کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران اورنگزیب عالمی ایس ایم ای فنانس فورم کے تحت ‘ایس ایم ای کی ترقی، روزگار اور مسابقت’ کے موضوع پر وزارتی مباحثے سے خطاب کریں گے اور سنگاپور فن ٹیک فیسٹیول 2026 میں بھی شرکت کریں گے۔
ان کی سنگاپور کے نائب وزیراعظم اور وزیر تجارت و صنعت گان کم یونگ کے ساتھ ساتھ ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے سینئر حکام سے ملاقاتیں بھی طے ہیں۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور بین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان اقتصادی اور مالی تعاون مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے مالی سہولیات تک زیادہ رسائی چاہتا ہے، جو ملک کی معیشت کا ایک بڑا حصہ ہیں۔








