
فاطمہ کی موت تشدد سے ہوئی، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹPakistan
13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق تشدد کے باعث بچی کے جسم میں شدید سوزش پیدا ہوئی اور خون کے لوتھڑے بننے سے دل اور پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق تھرومبو ایمبولزم کے نتیجے میں بالآخر کارڈیو پلمونری اریسٹ ہوا جس سے بچی کا دل اور پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کر دیا۔ فاطمہ تین روز قبل اسلام آباد کے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز کے علاقے میں ایک سینئر پولیس افسر کے گھر میں چل بسی تھی۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے بچی پر تشدد میں استعمال ہونے والی استری اور ڈنڈے برآمد کر لیے ہیں جبکہ گرفتار ملزم نے ملزمہ کے بچی پر تشدد سے متعلق بھی بتایا ہے۔
بچی کے والد اصغر علی کی شکایت پر 15 نومبر کو تھانہ شمس کالونی میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے سینئر افسر محمد بن اشرف کی اہلیہ افشاں اور افسر کے بچوں کو دینی تعلیم دینے والے قاری علی کو گرفتار کر لیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے دونوں ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔
بچی کے والد کا تعلق رحیم یار خان ضلع کے علاقے راجن پور کلاں سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں 14 نومبر کی شام بتایا گیا کہ ان کی بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ دم توڑ گئی۔ والد نے کہا کہ بیٹی کے جسم کے معائنے پر تشدد کے واضح نشانات پائے گئے جس کے بعد انہوں نے پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بچی کے جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے کم از کم 15 نشانات بشمول خراشیں اور گہرے زخم پائے گئے جبکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم میں کلائی کی ہڈی اور ایک انگلی ٹوٹی ہوئی پائی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک شواہد کے تجزیے کے بعد سامنے آئے گی۔
سینئر افسر محمد بن اشرف نے جیو نیوز کو بتایا کہ بچی کافی عرصے سے ان کے خاندان کے ساتھ رہ رہی تھی اور واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ بیرون ملک تھے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے انہیں ایف آئی اے ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون کے عہدے سے ہٹا کر ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔





