اسلام آباد ہائیکورٹ نے رینجرز اہلکاروں کو گاڑی سے کچلنے کے مقدمے میں ملزم محمد ہاشم عباسی کی ضمانت منسوخ کر دی اور یکم مارچ 2025 کا ٹرائل کورٹ کا حکم نامہ کالعدم قرار دے دیا۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے فریقین کو 25 نومبر 2026 کو ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی۔
یہ مقدمہ 26 نومبر 2024 کو اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران پیش آنے والے واقعے سے متعلق ہے جس میں ایک گاڑی نے رینجرز اہلکاروں کو کچل کر تین اہلکاروں کو شہید کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کیا گیا اور عباسی کو گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے یکم مارچ 2025 کو عباسی کی بعد از گرفتاری ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی تھی اور قرار دیا تھا کہ بادی النظر میں ملزم کے خلاف مزید انکوائری کی گنجائش موجود ہے۔ بعد ازاں پراسیکیوٹر جنرل نے ضمانت منسوخی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
تحریری فیصلے میں ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ استغاثہ نے ضمانت کے حکم پر قانونی اعتراضات اٹھائے تھے۔ پراسیکیوٹر جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ قانون اور دستیاب حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا اور ٹرائل کورٹ نے مقدمے کو مزید انکوائری کے زمرے میں شامل کرنے کی کوئی ٹھوس وجہ بیان نہیں کی تھی۔
استغاثہ کا کہنا تھا کہ تفتیشی ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ واقعے کے وقت گاڑی محمد ہاشم عباسی چلا رہا تھا اور شناخت پریڈ سمیت تفتیش کے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے تھے۔ استغاثہ کے مطابق تفتیش میں جمع کیا گیا مواد ملزم کا مبینہ جرم سے تعلق ظاہر کرتا ہے اور محض ایف آئی آر میں نام درج نہ ہونا ضمانت کی بنیاد نہیں بن سکتا۔
عدالت نے واضح کیا کہ ضمانت دینے اور پہلے سے منظور شدہ ضمانت منسوخ کرنے کے قانونی اصول الگ الگ ہیں۔ ایک مرتبہ ضمانت منظور ہو جانے کے بعد اسے منسوخ کرنے کے لیے غیر معمولی اور انتہائی مضبوط وجوہات درکار ہوتی ہیں، تاہم اگر ضمانت کا حکم غیر قانونی بنیادوں یا غلط قانونی تناظر میں جاری کیا گیا ہو تو اسے کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے معاملہ دوبارہ فیصلے کے لیے ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا۔
ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ محمد ہاشم عباسی ایک دوسرے مقدمے میں قید ہے، اسی وجہ سے وہ کارروائی میں پیش نہیں ہو سکا۔ وکیل کا کہنا تھا کہ ضمانت منظور ہوئے ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے اور اس دوران ملزم نے ضمانت کی کسی شرط کی خلاف ورزی نہیں کی اور وہ ٹرائل کورٹ میں باقاعدگی سے پیش ہوتا رہا۔ وکیل نے شناخت پریڈ کی قانونی حیثیت پر بھی اعتراض اٹھایا۔








