راجہ محمد صداقت خان کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر کے الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے ووٹر فہرستوں کی تیاری /ووٹروں کے اندراج،تبدیلی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ الیکشن کمشنر عثمان منیر سانولہ، اسسٹنٹ کمشنرڈڈیال آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنر میرپور میاں حسام ساجد،اسسٹنٹ کمشنر اسلام گڑھ تنویر السلام،افسر مال راجہ ایاز احمد خان،تحصیلدار عمران یوسف،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک نے شرکت کی۔اجلاس میں الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر کی طرف سے دی گئی ہدایات کے مطابق ایسے افراد جن کی عمر یکم اپریل 2026کو18سال ہوجائے گی اور نادرہ کی جانب سے جاری کردہ ب فارم کے مطابق ان کے ووٹ کا اندراج کیا جائے گا اس حوالے سے کمپیوٹرائز ڈ انتخابی فہرستوں کی تیاری کے حوالے سے 24مارچ تا 02اپریل تک گھر گھر جاکر ٹیمیں ووٹوں کا اندراج کریں گی۔7 اپریل 2026 کو ابتدائی ووٹر فہرستیں عوامی آگاہی کیلئے متعلقہ رجسٹریشن دفاتر اور مقررہ مقامات پر آویزاں کر دی جائیں گی تاکہ شہری اپنے کوائف کی جانچ پڑتال کر سکیں۔شہری 11 اپریل 2026 تک ووٹر فہرستوں میں کسی بھی قسم کی غلطی، اندراج یا اخراج کے حوالے سے اعتراضات اسسٹنٹ کمشنرز میرپور،ڈڈیال،اسلام گڑھ جبکہ میونسپل کارپوریشن میرپور کے ووٹرز افسر مال کے دفاتر میں جمع کروا سکیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 11 سے 13 اپریل تک موصول ہونے والے اعتراضات اور درخواستوں کی سماعت کی جائے گی، جبکہ 14 اپریل کو مجاز اتھارٹی کی جانب سے ان اعتراضات پر باقاعدہ فیصلے جاری کیے جائیں گے۔انھوں نے مزید بتایا کہ اگر کوئی شہری ان فیصلوں سے مطمئن نہ ہو تو وہ 17 اپریل 2026 تک نظرثانی کی درخواست دائر کر سکے گا۔نظرثانی کے عمل کی تکمیل کے بعد 20 اپریل 2026 کو حتمی ووٹر فہرستیں تیار کر کے متعلقہ رجسٹریشن دفاتر میں عوام کے معائنے کیلئے آویزاں کر دی جائیں گی۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ میرپور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں کے اندر ووٹر فہرستوں کا بغور جائزہ لیں اور اگر کسی قسم کی غلطی یا کوائف میں کمی بیشی ہو تو بروقت اعتراض یا درخواست جمع کروائیں تاکہ آئندہ عام انتخابات میں شفاف اور درست انتخابی عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ووٹرز کا اندراج مستقل پتہ،کمپیوٹرائزڈشناختی کارڈ،فارم ب،زائد المعیاد شناختی کار ڈ اور مہاجرین جموں وکشمیر 1989کی صورت میں فارم ب اور رفیوجی کارڈ کے حامل افراد کا بھی اندراج کیا جاسکے گا جو مقبوضہ کشمیر کے ہجرت کرکے آزادکشمیر کے عارضی کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں ان کے لیے علیحدہ فہرستیں مرتب کی جائیں گی ان فہرستوں پر مہاجرین 1989واضح طور پر تحریر کیا جائے گا۔اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسران الیکشن کمیشن کی ہدایات کے تابع رجسٹریشن افسران کی معاونت کریں گے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ایسے ووٹرز جو وفات پاچکے ہیں یا بوجہ شادی دوسرے انتخابی حلقوں میں مستقل طور پر رہائش پذیر ہیں کہ شناختی کارڈ میں اس انتخابی حلقہ کا مستقل پتہ درج ہے کو سابقہ حلقہ سے اخراج کیا جائے گا۔
For the latest news, follow us on Facebook DAILY HAYAT - Mirpur A.J.K









