Daily Hayat – روزنامہ حیات
Daily Hayat
زبان / LanguageEnglish
منگل، 22 ستمبر 2026•11:00 PMPKT
ای پیپر
mumtazkhaksar6@gmail.com
+92 345 8886292
جملہ حقوق بحق روزنامہ حیات محفوظ ہیں۔
ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad
صفحہ اولپاکستاننئے صوبوں پر بلاول کے موقف پر خواجہ آصف کا جوابی وار

نئے صوبوں پر بلاول کے موقف پر خواجہ آصف کا جوابی وارپاکستان

hammadkhaksar
hammadkhaksar
بدھ، 18 نومبر، 2026
4 منٹ
ہمیں فالو کریں:WhatsAppFacebook

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلاول بھٹو کی نئے صوبوں کی مخالفت پر جوابی وار کرتے ہوئے سندھ میں پیپلز پارٹی کی 18 سالہ حکمرانی پر سوالات اٹھائے اور پارلیمنٹ کے ساتھ ریفرنڈم کی حمایت کی۔

نئے صوبوں پر بلاول کے موقف پر خواجہ آصف کا جوابی وار
شیئر کریں:

وزیر دفاع خواجہ آصف نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت پر جوابی وار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سندھ میں 18 سالہ حکمرانی اور وفاقی حکومت میں اس کی شراکت داری پر سوالات اٹھا دیے۔

خواجہ آصف نے منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو 2020 سے کاروبارِ حکومت میں شریک ہیں، اس لیے انہیں موجودہ نظام پر تنقید کرتے ہوئے اپنی سیاسی ذمہ داریوں کو بھی سامنے رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے سسٹم ری سیٹ کرنے کی بات کی، لیکن کوئی نظام اس وقت تک ری سیٹ نہیں ہوسکتا جب تک اسے عوامی تائید حاصل نہ ہو۔

ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کا احتساب کوئی نئی بات نہیں اور نہ ہی کوئی سیاست دان احتساب سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے رجوع کرنے کے طریقہ کار کو چور دروازہ قرار نہیں دینا چاہیے، عوامی استصواب رائے اور پارلیمان کے اندر بحث و مباحثے پر کوئی پابندی نہیں، پارلیمنٹ کے ساتھ عوام کی رائے بھی معلوم کرلی جائے تو یہ زیادہ بہتر ہوگا۔

خواجہ آصف نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کے پاس گزشتہ 18 سال سے سندھ کی حکومت ہے، کیا سندھ جنت بن گیا ہے؟ کیا کراچی شہر کی حالت ایسی ہے کہ دنیا اس پر رشک کرتی ہے؟ انہوں نے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی کارکردگی کو بھی سیاسی بحث کا حصہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو سے جواب طلب کیا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن 2022 سے کاروبارِ حکومت میں پیپلز پارٹی کی شراکت دار ہے، لیکن سیاسی فائدہ پیپلز پارٹی کو اور نقصان مسلم لیگ ن یا پاکستان کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت میں شراکت داری کے باوجود بلاول بھٹو کو اس انداز میں تنقید اور دھمکی دینے کا کیا حق حاصل ہے؟

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی طاقت عوام کی امانت ہوتی ہے، کسی کی ذاتی میراث نہیں۔ عوام کے حقوق کو صرف آئین کی کتاب تک محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ انہیں عملی طور پر بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے نئے صوبوں کے معاملے پر پارلیمانی بحث کے ساتھ عوامی استصواب رائے کی بھی حمایت کی اور کہا کہ وزیراعظم کو ریفرنڈم کرانے کا اختیار حاصل ہے۔

بلاول بھٹو نے منگل کو کراچی پریس کلب میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خواہش، آئین اور قانون کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے، لیکن زبردستی تقسیم کی کسی بھی کوشش کی مزاحمت کرے گی۔ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ سندھ کو زبردستی تقسیم کرنے سے سماجی تقسیم گہری ہوگی اور خونریزی ہوسکتی ہے، اور کہا تھا کہ اس معاملے پر نہ ان سے اور نہ صدر سے مشاورت کی گئی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے ریفرنڈم کی تجویز کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں ریفرنڈم غیر جمہوری مقاصد کے لیے استعمال ہوئے ہیں، اور آئین میں صوبوں کے قیام کا طریقہ کار پہلے سے موجود ہے۔

رانا ثناء اللہ کا بھی ردعمل

اس سے قبل وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے بھی بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول بھٹو سندھ کی تقسیم کے معاملے پر ڈسٹرب ہیں اور ان کی پریس کانفرنس تضادات سے بھری ہوئی تھی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ملک میں صوبوں کی تعداد 32 ہو یا 12، اس کا فیصلہ اتفاق رائے سے ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کا یہ کہنا درست نہیں کہ پارلیمنٹ بااختیار نہیں، تاہم صوبوں کے قیام سے متعلق بحث ابھی کابینہ یا پارلیمنٹ میں نہیں ہوئی بلکہ سیمینارز کی سطح پر جاری ہے۔ جب یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع ملے گا۔

نئے صوبوں کے قیام پر پیپلز پارٹی اور حکومتی رہنماؤں کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کرگئی ہے، جس سے دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان آئینی اصلاحات اور صوبائی حدود کے معاملے پر بڑھتے ہوئے اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

نئے صوبوں پر بلاول کے موقف پر خواجہ آصف کا جوابی وار