گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے کامیاب آپریشن کے دوران 35 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر معمولی بہادری اور قومی عزم کا واضح مظہر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میر علی میں آپریشن گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کی گئی کارروائیوں کا حصہ تھا، جن میں خیبرپختونخوا میں 43 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں اورکزئی میں ہلاک ہونے والے 8 دہشت گرد بھی شامل ہیں، جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 74 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
اپنے بیان میں گورنر نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فورسز ملک دشمن عناصر کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری قوت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں۔
گورنر کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں کی مسلسل جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر اور بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر ملک میں بدامنی پھیلانے، عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے اور ریاستی امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں ان کے عزائم کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
گورنر نے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی کو بھی سیکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی کا ثبوت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس بنیادوں پر بروقت کارروائیوں سے نہ صرف دہشت گرد نیٹ ورکس کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ ممکنہ تخریبی کارروائیوں کو روکنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
گورنر کنڈی نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی جنگ نہیں بلکہ پوری قوم اس جدوجہد میں اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
گورنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے قومی اتحاد، اداروں کے درمیان تعاون اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہنا ناگزیر ہیں۔








