Daily Hayat – روزنامہ حیات
Daily Hayat
زبان / LanguageEnglish
منگل، 22 ستمبر 2026•11:00 PMPKT
ای پیپر
mumtazkhaksar6@gmail.com
+92 345 8886292
جملہ حقوق بحق روزنامہ حیات محفوظ ہیں۔
ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad
صفحہ اولپاکستاناین سی سی آئی اے کی پنجاب میں کارروائیاں، دو غیر قانونی کال سینٹرز بے نقاب، 13 گرفتار

این سی سی آئی اے کی پنجاب میں کارروائیاں، دو غیر قانونی کال سینٹرز بے نقاب، 13 گرفتارپاکستان

hammadkhaksar
hammadkhaksar
جمعہ، 20 نومبر، 2026
3 منٹ
ہمیں فالو کریں:WhatsAppFacebook

این سی سی آئی اے نے لاہور، ملتان اور گوجرانوالہ میں کارروائیوں کے دوران دو غیر قانونی انٹرنیشنل کال سینٹرز بے نقاب کر کے 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

این سی سی آئی اے کی پنجاب میں کارروائیاں، دو غیر قانونی کال سینٹرز بے نقاب، 13 گرفتار
شیئر کریں:

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لاہور، ملتان اور گوجرانوالہ میں سائبر جرائم کے خلاف کارروائیوں کے دوران دو غیر قانونی انٹرنیشنل کال سینٹرز بے نقاب کر کے 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔

آزاد اردو کی رپورٹ کے مطابق کارروائیاں این سی سی آئی اے لاہور زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی ہدایات پر کی گئیں، جن کا ہدف غیر ملکی شہریوں کو دھوکا دینے والے کال سینٹرز اور بچوں کے آن لائن جنسی استحصال میں ملوث عناصر تھے۔

ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad

لاہور میں ایجنسی نے ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر قائم ایک کال سینٹر پر چھاپہ مارا، جہاں سے برطانوی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں ٹیسکو، ووڈافون اور او ٹو کے نام پر جعلی موبائل اپ گریڈ، سم اور نیٹ ورک پیکجز فروخت کیے جا رہے تھے۔ چھاپے کے دوران 6 خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان ڈائلر سافٹ ویئر کے ذریعے برطانوی شہریوں کو کالز کر کے مالی فراڈ میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران 3 لیپ ٹاپ، 8 سی پی یوز اور 2 موبائل فون برآمد کیے گئے۔

ایک دوسری کارروائی میں لاہور کے علاقے پارک ویو کی براڈوے کمرشل پلازہ میں قائم غیر قانونی کال سینٹر سے مزید دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان برطانوی شہریوں کو ٹیلی کام کمپنیوں کے نام پر موبائل اپ گریڈ، سم اور نیٹ ورک پیکجز کی جعلی پیشکش کر کے ان کی مالی معلومات حاصل کرنے اور غیر قانونی رقوم وصول کرنے میں ملوث تھے۔

بچوں کے آن لائن جنسی استحصال کے خلاف کارروائی میں این سی سی آئی اے لاہور نے سورس رپورٹ کی بنیاد پر جوہر ٹاؤن سے محمد ہاشم طاہر کو گرفتار کیا۔ ملزم پر امریکہ میں مقیم 9 سالہ بچی کو آن لائن جنسی استحصال کا نشانہ بنانے، قابل اعتراض مواد طلب کرنے اور دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔ ملزم کے قبضے سے دو موبائل فون برآمد ہوئے۔

این سی سی آئی اے ملتان نے کمسن بچی کو ہراساں کرنے اور اس کی قابل اعتراض تصاویر واٹس ایپ پر شیئر کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا، جبکہ گوجرانوالہ کی ٹیم نے ضلع شیخوپورہ کے علاقے جابران میں کارروائی کرتے ہوئے بچی کی تصاویر کو قابل اعتراض مواد میں تبدیل کر کے بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے کہا کہ بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس، بچوں کے آن لائن جنسی استحصال اور شہریوں کو ہراساں کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی، اور بچوں اور شہریوں کو ڈیجیٹل جرائم سے محفوظ رکھنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔

یہ چھاپے لاہور میں اس ہفتے این سی سی آئی اے کے وسیع کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں۔ پیر کے روز ایجنسی کے لاہور زون نے بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس، غیر قانونی کال سینٹرز، شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کی فروخت اور آن لائن بلیک میلنگ کے خلاف متعدد کارروائیوں میں 9 خواتین سمیت 130 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔