جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر ڈاکٹرز کے بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سرجری کی ضرورت ہے تو حکومت سہولت فراہم کرے گی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے کے بارے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی گئی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ڈاکٹر کی ایڈوائز کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کریں گے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب عمران خان نے اپنے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کو خط لکھ کر اپنی صحت پر تشویش ظاہر کی تھی۔ بی بی سی اردو کی 16 نومبر کی رپورٹ کے مطابق خط میں انہوں نے کہا کہ ان کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے اور برین ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ ہے، جبکہ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے بشریٰ بی بی کی آنکھ کی حالت کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دوسری سرجری کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے خط کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروں نے عمران خان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے انتشار اور ہنگامہ آرائی چاہتے تھے، ناکامی پر بات چیت پر آئے ہیں، حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ بیٹھ کر ڈائیلاگ کے ذریعے ایشوز کو حل کیا جائے، یہ تاثر غلط ہے کہ کوئی ڈیل یا ڈھیل ٹیبل پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں جب پہنچے گا تو اس پر بحث ہوگی۔








