صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے یونیورسٹی آف کوٹلی کے چھٹے کانووکیشن میں شرکت کی، جہاں 1200 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں اور 27 نمایاں طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔
کشمیر اردو کے مطابق صدر ریاست نے پوزیشن ہولڈرز کو گولڈ میڈلز پہنائے اور فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں۔
اس موقع پر صدر ریاست نے یونیورسٹی میں ڈاکٹر محمود الحسن شہید بزنس انکیوبیشن سنٹر کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ یہ مرکز طلبہ اور نوجوان کاروباری افراد کو اپنے کاروباری منصوبوں پر عملی کام کرنے، تکنیکی معاونت حاصل کرنے اور نئے کاروبار شروع کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔
کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا اصل سرمایہ اور ترقی و خوشحالی کی بنیادی قوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا مقصد صرف ڈگریاں حاصل کرنا نہیں بلکہ نوجوانوں میں تخلیقی سوچ، تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور خود روزگاری کی صلاحیتیں پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کو مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، بائیوٹیکنالوجی اور روبوٹکس جیسے جدید شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ جامعات کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور عملی مہارتوں کا مرکز بننا چاہیے۔
تحقیق کو معاشرتی ضروریات سے جوڑنا ضروری
صدر ریاست نے کہا کہ جامعات میں تحقیق کو معاشرتی ضروریات سے جوڑنے اور تعلیمی اداروں و صنعت کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روایتی ملازمتوں کے ساتھ کاروبار، جدت طرازی اور خود روزگاری کے مواقع سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ وہ اپنے لیے روزگار پیدا کرنے کے ساتھ دوسروں کو بھی روزگار فراہم کر سکیں۔
انہوں نے یونیورسٹی آف کوٹلی کی عالمی تعلیمی درجہ بندی میں پیش رفت کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ذکریا ذاکر، فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے مستحق اور باصلاحیت طلبہ کیلئے وظائف اور یونیورسٹی کے 50 ملین روپے کے انڈومنٹ فنڈ کو بھی سراہا۔
فارغ التحصیل طالبات کی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی بیٹیاں بھی تعلیم کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، اور والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی بیٹیوں اور بیٹوں دونوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کریں۔
مسئلہ کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے صدر ریاست نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کے پرامن حل کیلئے جدوجہد جاری رکھنا ضروری ہے، اور نوجوان جدید ذرائع ابلاغ، تحقیق اور حقائق پر مبنی معلومات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کر سکتے ہیں۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر محمد ذکریا ذاکر نے اپنے خطاب میں ادارے کی تعلیمی، تحقیقی، انتظامی اور ترقیاتی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ جدید تعلیمی و تحقیقی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں جبکہ وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 372 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کی ترقی میں حکومت آزاد کشمیر کے تعاون کو بھی سراہا۔
بزنس انکیوبیشن سنٹر کے افتتاح کے موقع پر یونیورسٹی حکام نے صدر ریاست کو مرکز کے قیام کے مقاصد اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صدر ریاست نے اسے نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں، جدت اور خود روزگاری کے فروغ کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا۔
تقریب میں وزیر حکومت چوہدری عبدالرحمن آرائیں، وزیر مال و بحالیات راجہ محمد ریاست خان اور وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔








