ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزارتی کونسل کے 30 ویں اجلاس کے موقع پر دوطرفہ ملاقاتوں کے سلسلے میں راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پیر کی شام ہونے والی ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور عباس عراقچی نے پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات میں تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و سلامتی کو درپیش چیلنجز اور خطرات پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا۔
عباس عراقچی ای سی او وزارتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہیں۔ پاکستان اور قطر ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کر رہے ہیں، اور ای سی او کے اسلام آباد اعلامیے میں ان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل عباس عراقچی نے اپنے پاکستانی ہم منصب وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے علیحدہ دوطرفہ ملاقات کی۔ اسحاق ڈار نے صحافیوں کو بتایا کہ پاکستان نے ایران کا پیغام امریکا تک پہنچا دیا ہے اور واشنگٹن کے جواب کا انتظار ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود سفارتی روابط کے لیے پرعزم ہے اور اسلام آباد مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے بھی پرعزم ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پابندیاں ہمیشہ نہیں رہیں گی اور امید ظاہر کی کہ پابندیاں ختم ہوتے ہی تعاون اور اقتصادی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہو جائیں گی۔
عباس عراقچی نے اپنے دورے کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی اور علاقائی کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔








