ڈیرہ اسماعیل خان — جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے اسعد محمود کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی سیکیورٹی پر تعینات فرنٹیئر کور (ایف سی) کا پلاٹون واپس بلا لیا گیا ہے جبکہ دونوں رہنماؤں کی پولیس سیکیورٹی بھی ختم کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ رات مولانا فضل الرحمان کی ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع رہائش گاہ پر تعینات ایف سی اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا اور اہلکاروں کو 15 منٹ کے اندر اپنی متعلقہ یونٹس میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان سیکیورٹی برانچ اور ضلعی پولیس نے سیکیورٹی واپس لیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کیا گیا، تاہم اس دعوے کی تاحال کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے فیصلے کو ناقابلِ قبول قرار دیا اور سیکیورٹی کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی ڈیرہ اسماعیل خان اور اسلام آباد کی رہائش گاہوں سے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہٹا دیا گیا ہے۔
اسلم غوری نے کہا کہ ماضی میں مولانا فضل الرحمان پر درجنوں خودکش حملے ہو چکے ہیں اور ان کی جان و سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت واضح کرے کہ دونوں رہنماؤں کی سیکیورٹی اچانک کس کے حکم پر ختم کی گئی۔
ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ پارٹی اس فیصلے کو یکسر مسترد کرتی ہے اور اس کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی، اس معاملے میں نہ کوئی رعایت ہوگی اور نہ ہی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر قائد جمعیت کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی پر عائد ہوگی۔
جے یو آئی کے سینئر رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے الزام عائد کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر کا محاصرہ کیا جا رہا ہے اور کارکنوں کو تیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
پارٹی کے مطابق مولانا فضل الرحمان برسوں سے دھمکیوں اور حملوں کا سامنا کر رہے ہیں اور ایسے وقت میں سیکیورٹی واپس لینا تشویش کا باعث ہے۔ جے یو آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔








