mirpurمیرپور: KORT کے 21 سال مکمل، جاتلاں میں ساڑھے 12 ارب روپے سے جدید ہسپتال کا اعلانمیرپورmirpur
میرپور میں کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے 21 سال مکمل ہونے پر پروقار تقریب؛ بانی چوہدری محمد اختر نے جاتلاں میں ساڑھے 12 ارب روپے کی لاگت سے جدید ہسپتال کا اعلان کیا، مہمانِ خصوصی ساجد تارڑ سمیت اعلیٰ حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

میرپور: کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (KORT) کے قیام کے 21 سال مکمل ہونے پر جاتلاں روڈ پر واقع کورٹ کمپلیکس میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ادارے کی دو دہائیوں پر محیط رفاہی، تعلیمی اور انسان دوست خدمات کو سراہا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق ایڈوائزر ٹو ڈونلڈ ٹرمپ، معروف امریکی کمیونٹی رہنما اور امریکہ میں KORT کے پہلے ایمبیسڈر ساجد تارڑ تھے۔ نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے لیے پاکستان کونسل فار سوشل ویلفیئر اینڈ ہیومن رائٹس کے مستقل مندوب سردار ظریف خان اور معروف کاروباری و سماجی شخصیت اکرم بٹ بھی امریکہ سے خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
تقریب میں KORT کے بانی و منتظمِ اعلیٰ چوہدری محمد اختر، سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس (ر) اعظم خان، کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ فیاض حیدر نوابی، ڈپٹی کمشنر میرپور سید عمران عباس نقوی، ایس ایس پی میرپور خرم اقبال، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدور راجہ محمد زبیر خان اور نجم الحسن جاوید ایڈووکیٹ، کمانڈنگ آفیسر ایس سی او، وکلا، کونسلرز، بلدیاتی نمائندے، سماجی کارکن، سینئر صحافی، مخیر حضرات، رضاکار، اساتذہ، KORT کے طلبہ و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تقریب میں KORT کے بچوں نے رنگا رنگ اور سبق آموز پروگرام پیش کیے جن میں ٹیبلو، لوک گیت اور ثقافتی پرفارمنس کے ذریعے انسانیت کی خدمت، تعلیم کی اہمیت، صحت کی سہولیات، بنیادی انسانی حقوق، مساوات، ہمدردی اور بھائی چارے کے پیغامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا۔ پروگراموں میں کشمیری ثقافت و روایات اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد و قربانیوں کو بھی نمایاں کیا گیا۔ بچوں کی پُراعتماد کارکردگی کو شرکاء نے سراہا۔
<h2>ساڑھے 12 ارب روپے کے جدید ہسپتال کا اعلان</h2> تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد اختر نے کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کا قیامت خیز دن آج بھی قلب و ذہن پر نقش ہے، جب آباد گھر اجڑ گئے، ماؤں کی گودیں ویران ہوئیں اور بے شمار معصوم بچے والدین کی شفقت سے محروم ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ KORT کا سفر کسی ذاتی مفاد یا تشہیر کے لیے نہیں بلکہ دردِ دل اور خدمتِ انسانیت کے جذبے سے شروع کیا گیا تھا، اور بنیادی عزم یہ تھا کہ زلزلے کے یتیم بچوں کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے KORT کے زیرِ اہتمام جاتلاں میں زیرِ تعمیر جدید ہسپتال کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے پر تقریباً ساڑھے 12 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔ یہ منصوبہ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے اور محروم و نادار طبقات کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی عملی کاوش ہے، تاکہ وسائل کی کمی کے باعث کسی ضرورت مند کو علاج کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ادارے کے ساتھ تعاون کرنے والے اہلِ خیر، مخیر حضرات، رضاکاروں، اساتذہ اور بالخصوص بیرونِ ملک مقیم پاکستانی و کشمیری برادری کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مہمانِ خصوصی ساجد تارڑ نے KORT کی 21 سالہ جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے نے کشمیر کے لوگوں کو ناقابلِ فراموش صدمے سے دوچار کیا، تاہم اس سانحے کے بعد خدمت، اخوت اور ایثار کے جذبے نے بھی جنم لیا، جس نے بے شمار یتیم بچوں کی زندگیوں میں امید کی کرن پیدا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یتیم بچوں کو تعلیم، تربیت اور عزتِ نفس کے ساتھ معاشرے کا باوقار فرد بنانا محض امداد نہیں بلکہ نسلوں کی تعمیر کا عمل ہے، اور امریکہ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی KORT کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
دیگر مقررین نے کہا کہ KORT نے اپنی خدمات کو وقتی امداد تک محدود رکھنے کے بجائے یتیم اور مستحق بچوں کی مستقل کفالت، تعلیم، صحت، رہائش اور تربیت کو اپنا نصب العین بنایا ہے۔ تقریب کے اختتام پر سانحۂ زلزلہ 2005 کے شہداء کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء نے خدمتِ خلق اور کفالتِ ایتام کا سفر جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
متعلقہ خبریں
mirpur
mirpurمیرپور: شادی کا جھانسہ دے کر لڑکیوں کی بیرون ملک اسمگلنگ میں ملوث خاتون گرفتار
تحریر: hammadkhaksar
mirpurمیرپور کے سرکاری صحت مراکز کا جائزہ، مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی ہدایت
تحریر: hammadkhaksarسب سے زیادہ پڑھی جانے والی
روزنامہ حیات فیس بک پیج
روزانہ کی تازہ خبریں اور اہم اپ ڈیٹس حاصل کرنے کے لیے ہمارے فیس بک پیج کو فالو کریں۔
فیس بک پر فالو کریں
