ونٹیج اینڈ کلاسک کار کلب آف پاکستان (وی سی سی سی پی) کے زیر اہتمام 16ویں کراس کنٹری ریلی کے تحت 70 سے زائد ونٹیج اور کلاسک کاریں اتوار کو کراچی سے پشاور کے لیے ہفتہ بھر کے سفر پر روانہ ہو گئیں۔
ریلی کا باقاعدہ افتتاح ہفتے کو کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ نایاب اور تاریخی گاڑیاں ماضی کی خوبصورت یادوں اور منفرد ڈیزائن کی عکاسی کرتی ہیں۔
کراس کنٹری ریلی 29 نومبر سے 5 دسمبر 2026 تک جاری رہے گی۔ کراچی سے روانہ ہونے کے بعد کاریں سکھر، پھر لاہور، مری، نتھیا گلی اور اسلام آباد سے ہوتی ہوئی پشاور پہنچیں گی۔ یہ سفر سندھ، پنجاب، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا سے گزرے گا۔
یہ ریلی تاریخی گاڑیوں کی عالمی تنظیم فیڈریشن انٹرنیشنال ڈی وہیکلز اینشینز (فیوا) کے بین الاقوامی ایونٹس کیلنڈر میں شامل ہے۔
سفر کا اختتام 5 دسمبر کو پشاور کلب میں پشاور کلاسک کار شو پر ہوگا، جہاں شریک کاریں صبح 10 بجے سے سہ پہر 4 بج کر 30 منٹ تک شائقین کے لیے نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔
وی سی سی سی پی 2010 سے ہر سال کراس کنٹری ریلی کا انعقاد کر رہا ہے، سوائے 2020 کے جب کورونا وائرس کی وبا کے باعث اس کا انعقاد نہیں ہو سکا تھا۔ یہ ریلی کلاسک موٹرنگ ورثے کا جشن ہے، جو ملک بھر سے کلیکٹرز اور شائقین کو ایک جگہ جمع کرتی ہے۔








