لاہور کے علاقے کہنہ میں ایک نجی فارم ہاؤس پر ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے شیرنی کے حملے میں 19 سالہ ملازم جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد فارم ہاؤس کے مالک اور ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ٹک ٹاکر نعمان نجی فارم ہاؤس پر ویڈیو بنانے آیا تھا، جہاں اچانک شیرنی بے قابو ہو گئی اور 19 سالہ ملازم طلحہ پر حملہ کر دیا۔ طلحہ شدید زخمی ہو گیا اور اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کو پہلے کتے کے حملے کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی تھی تاکہ اصل صورتحال چھپائی جا سکے۔ تاہم مشکوک حالات پر شروع کی گئی تفتیش کے دوران حقیقت سامنے آ گئی کہ نوجوان پر کتے نے نہیں بلکہ شیرنی نے حملہ کیا تھا۔
مالک اور ٹک ٹاکر گرفتار
کہنہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فارم ہاؤس کے مالک فیاض عرف فیضی اور ٹک ٹاکر نعمان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے طلحہ کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی اور مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے۔
شیرنی کو محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکام فارم ہاؤس میں شیرنی رکھنے کے لائسنس، حفاظتی انتظامات اور ممکنہ غفلت کی جانچ کر رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ جانچ جاری ہے کہ آیا فارم ہاؤس میں خطرناک جانور رکھنے کی قانونی اجازت موجود تھی یا نہیں۔
لاہور ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر ویڈیو بنانے کے شوق میں خطرناک جانوروں کے قریب جانے کے خطرات کو ایک بار پھر سامنے لے آیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شیر جیسے خطرناک جانوروں کو رہائشی یا نجی فارم ہاؤسز میں رکھنا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے جانوروں کے قریب ویڈیو یا تصویر بنانے سے گریز کریں اور کسی بھی غیر قانونی بریڈنگ فارم کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔








