گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں جمعرات کی شام ایک مسافر وین دریائے یاسین میں گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک شیرخوار بچے سمیت 11 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق وین گلگت سے وادی یاسین جا رہی تھی کہ تحصیل یاسین میں مورکہ پل کے قریب ڈرائیور کا کنٹرول ختم ہو گیا اور گاڑی دریا میں جا گری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور مقامی رضاکاروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور دریا میں امدادی کارروائی شروع کر دی گئی۔ امدادی کارکنوں نے 10 مسافروں کی لاشیں نکالیں، جن میں دو خواتین بھی شامل تھیں، جبکہ ایک بچے سمیت تین زخمیوں کو زندہ نکالا گیا۔
ڈان کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق زخمی بچہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جس سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہو گئی، جبکہ دو زخمی زیر علاج ہیں۔ زخمیوں کو گوپس سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد وادی یاسین کے رہائشی تھے اور حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ دنیا نیوز نے بھی اس حادثے کی خبر دیتے ہوئے بتایا تھا کہ مورکہ یاسین کے علاقے میں مسافر گاڑی دریا میں گرنے سے 10 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے تھے۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، امدادی اداروں اور محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جائے اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے امدادی کارروائی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہونے کی بھی ہدایت کی۔
یہ حادثہ اس واقعے کے ایک ہفتے بعد پیش آیا ہے جس میں گلگت سے اسلام آباد جانے والی مسافر بس ہزارہ موٹروے پر حویلیاں انٹرچینج کے قریب ڈمپر سے ٹکرا گئی تھی، جس میں آٹھ افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جمعرات کی شام پیش آنے والے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔








