پاکستانی اسٹارٹ اپس جو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے لوگوں کی مالی زندگی بہتر بنانے پر کام کر رہے ہیں، اب وہ ڈھائی لاکھ برطانوی پاؤنڈ تک کی بین الاقوامی گرانٹ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ رقم جی ایس ایم اے کے نئے انوویشن فنڈ برائے اے آئی سے مالی صحت کے تحت ملے گی، درخواستیں شروع ہو گئی ہیں اور آخری تاریخ 17 دسمبر 2026 ہے۔
اس فنڈ کو برطانیہ کی حکومت کے دفتر برائے خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور (ایف سی ڈی او) کا تعاون حاصل ہے، جو یو کے ایڈ کے ذریعے فراہم کیا جاتا ہے۔ منتخب کمپنیوں کو ایک لاکھ سے ڈھائی لاکھ پاؤنڈ تک گرانٹ ملے گی، ساتھ تکنیکی رہنمائی، سرمایہ کاروں تک رسائی اور جی ایس ایم اے کی تقریبات و اشاعتوں میں تشہیر کا موقع بھی ملے گا۔
یہ فنڈ افریقہ، جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کے کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں کام کرنے والے نجی اور منافع بخش چھوٹے و ترقی پذیر کاروباری اداروں کیلئے ہے۔ پاکستان بھی اہل ممالک کی فہرست میں شامل ہے، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور انڈونیشیا کی کمپنیاں بھی اہل ہیں۔
درخواست دینے والی کمپنی کے پاس پہلے سے صارفین اور آمدنی ہونا ضروری ہے، اور پاکستان میں منصوبہ چلانے والی کمپنی کا ملک میں رجسٹرڈ اور فعال ہونا لازمی ہے۔ درخواست گزار کمپنی کو مطلوبہ گرانٹ کا کم از کم 25 فیصد حصہ خود فراہم کرنا ہوگا، جبکہ منظور ہونے والے منصوبوں کی مدت 15 سے 18 ماہ ہوگی۔
جی ایس ایم اے ایسے اے آئی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتا ہے جو لوگوں کو مالی مشکلات سے نمٹنے، بہتر مالی فیصلے کرنے اور طویل مدت میں بچت و آمدنی بڑھانے میں مدد دے سکیں۔ ان میں فراڈ کی نشاندہی کرنے والے اے آئی سسٹمز، مقامی زبانوں میں مالی رہنمائی کے ٹولز، قیمتوں اور مارکیٹ کی معلومات، روزگار کے پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل بچت کے ذرائع شامل ہیں۔
خواتین، لڑکیوں اور معذور افراد کیلئے کام کرنے والی کمپنیوں، مقامی سطح پر قائم کاروباری اداروں اور موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے تعاون سے اپنے منصوبوں کو وسعت دینے کی صلاحیت رکھنے والے اسٹارٹ اپس کو ترجیح دی جائے گی۔
رسائی سے روزمرہ استعمال تک
یہ فنڈ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مالی سہولتوں تک رسائی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ جی ایس ایم اے کے مطابق کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں مالی اکاؤنٹس رکھنے والوں کی شرح 2011 میں 42 فیصد تھی، جو 2024 میں تقریباً 80 فیصد ہوگئی، جس میں موبائل منی کا اہم کردار ہے۔ تاہم دنیا بھر کے 2 ارب 30 کروڑ رجسٹرڈ موبائل منی اکاؤنٹس میں سے صرف ایک چوتھائی ہر ماہ استعمال ہوتے ہیں، یعنی رسائی کو روزمرہ استعمال میں بدلنے کی بہت گنجائش ہے۔
پاکستان کیلئے یہ جی ایس ایم اے کا پہلا فنڈ نہیں، 2021 میں ادارے نے پاکستان کے 3 اسٹارٹ اپس کو مجموعی طور پر 14 کروڑ 60 لاکھ روپے کی گرانٹ دی تھی۔ نیا مرحلہ مقامی بانیوں کیلئے بین الاقوامی تعاون کا ایک اور موقع ہے۔ درخواستیں 17 دسمبر 2026 کو بند ہوں گی، اہلیت کی مکمل تفصیلات جی ایس ایم اے کے سرکاری فنڈ صفحے پر موجود ہیں۔








