’’صاف ستھرا کشمیر، صاف ستھرا پٹہکہ‘‘ مہم کے تحت پٹہکہ بازار میں صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
پٹہکہ کو وادی نیلم کا خوبصورت اور صاف ستھرا داخلی دروازہ بنانے کے لیے میونسپل کمیٹی پٹہکہ نے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ میونسپل کمیٹی اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کا عملہ مشترکہ طور پر صفائی کے کاموں میں مصروف ہے، جبکہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی خواجہ عتیق خود مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔
مہم کے پہلے مرحلے میں خان بازار اور اس سے ملحقہ علاقوں کی صفائی کی جا رہی ہے۔ صفائی مہم کے آغاز پر اہلکاروں نے بازار سے کوڑا کرکٹ اور دیگر آلائشیں اٹھانے کا کام شروع کیا، جبکہ بلدیہ کی گاڑی کے ذریعے جمع شدہ کچرے کو مناسب طریقے سے منتقل کرکے تلف کیا جا رہا ہے۔
تحصیلدار پٹہکہ راجہ نعیم حبیب اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی خواجہ عتیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹہکہ بازار کو صاف ستھرا، خوبصورت اور مثالی بنانے کے لیے صفائی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں بازار کی مکمل صفائی یقینی بنائی جائے گی، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائی شروع ہوگی۔
تحصیلدار نے کہا کہ پٹہکہ وادی نیلم کا گیٹ وے ہے، اس کی خوبصورتی اور صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے تاجروں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ میونسپل کمیٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، جگہ جگہ کوڑا پھینکنے کے بجائے مقررہ کوڑا دانوں میں ڈالیں تاکہ صفائی کے عملے کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں آسانی ہو اور بازار کی صفائی برقرار رکھی جا سکے۔
صفائی مہم کے دوران چیف آفیسر خواجہ عتیق نے مختلف مقامات کا معائنہ بھی کیا اور عملے کو صفائی کے کاموں میں تیزی اور تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایات دیں۔ عوامی حلقوں نے پٹہکہ بازار میں صفائی مہم شروع کرنے، تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک نظام بہتر بنانے کے لیے انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ مہم مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائے گی تاکہ پٹہکہ کو حقیقی معنوں میں صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنایا جا سکے۔








