عراقچی کی آمد پر پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری، ایرانی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کے دفتر خارجہ کے نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک ایرانی وفد بھی پاکستان آیا ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ 35 سے 40 ایرانی صحافیوں پر مشتمل وفد بھی اسلام آباد پہنچا ہے، جو دورے اور متعلقہ مصروفیات کی کوریج کرے گا۔
سفارتی ذرائع نے بتایا کہ عراقچی کا اسلام آباد میں قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا امکان ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
عراقچی ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے لیے اسلام آباد آئے ہیں، جو 15 اور 16 نومبر کو منعقد ہو رہا ہے۔ پاکستان اس دو روزہ اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے اور 2026-27 کے لیے ای سی او کی صدارت بھی پاکستان کے پاس ہے۔
اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کر رہے ہیں۔ ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان اجلاس میں شریک ہیں، جبکہ ای سی او سیکریٹریٹ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے بھی موجود ہیں۔
وزارتی اجلاس کا آغاز اتوار کو ہوا اور اس کا پہلا روز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوا۔ اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جن کے اعزاز میں وزیراعظم ظہرانہ بھی دیں گے۔
ای سی او دس رکن ممالک پر مشتمل تنظیم ہے، اور اسلام آباد اجلاس میں علاقائی تجارت، اقتصادی تعاون، توانائی، نقل و حمل اور رابطوں پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے، جن میں وسطی ایشیا کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کے امکانات بھی شامل ہیں۔
پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد عراقچی اسلام آباد سے عمان روانہ ہوں گے، جہاں وہ مسقط میں اپنے عمانی ہم منصب سے مذاکرات کریں گے۔
پاکستان تیسری مرتبہ ای سی او وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس اجلاس کو رکن ممالک کے درمیان تجارت اور رابطوں کے شعبے میں اقتصادی و سفارتی تعاون مضبوط بنانے کا موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
عراقچی کی اسلام آباد میں مصروفیات، وزیراعظم سے ملاقات اور ای سی او اجلاس سے خطاب سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔








