وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات صبر و برداشت، ہمدردی، عدل و انصاف اور احترامِ انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
برداشت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اختلافات کے باوجود دوسروں کے عقائد اور نظریات کا احترام کرنا ہی برداشت کا حقیقی مفہوم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر باہمی احترام، انسانی وقار اور رواداری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان رنگ، مذہب اور طبقہ فکر کی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو مساوات کی ضمانت دیتا ہے۔ ملک میں بسنے والے تمام شہری یکساں حقوق رکھتے ہیں اور ان کے وقار و احترام کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ثقافتی، لسانی اور مذہبی تنوع ہماری کمزوری نہیں بلکہ قومی قوت اور قیمتی سرمایہ ہے۔ مختلف زبانوں، ثقافتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کا باہمی احترام قومی یکجہتی اور معاشرتی ہم آہنگی کو مضبوط بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے کہ تمام افراد ایک دوسرے کے نظریات اور عقائد کا احترام کریں۔
برداشت کا عالمی دن ہر سال 16 نومبر کو منایا جاتا ہے، جس کا مقصد ثقافتی و مذہبی تنوع کو سمجھنا، اسے قبول کرنا اور مختلف برادریوں کے درمیان مکالمے اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان نے حالیہ برسوں میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی اقدامات کیے ہیں، جن میں وفاقی کابینہ سے منظور شدہ بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی اور مذہبی رواداری کی حکمت عملی شامل ہے۔
پارلیمنٹ نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی بھی کی ہے، اور اقلیتوں کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے پارلیمانی اقلیتی کاکس بھی قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے تمام شہریوں، خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تعصب، امتیاز اور نفرت کی ہر شکل کے خلاف ڈٹ جائیں، اور علمائے کرام، اقلیتوں کے نمائندوں اور میڈیا سے کہا کہ وہ معاشرے میں محبت، برداشت، بھائی چارے اور اتحاد کی روح کو عام کریں۔
وزیراعظم کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تمام شہریوں اور اقوام کے درمیان افہام و تفہیم، باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔








