نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیر کو اسلام آباد میں پرتگال کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ پاؤلو رینجل سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
پرتگالی وزیر خارجہ اتوار کو اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر پہنچے، جو 22 سے 23 نومبر تک جاری رہے گا۔ ان کی آمد پر ایڈیشنل سیکرٹری یورپ سفیر عائشہ علی نے استقبال کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کی مشترکہ پریس بریفنگ بھی شیڈول ہے۔ مذاکرات میں پاکستان پرتگال تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔
مذاکرات کے ایجنڈے میں زراعت، خصوصاً زیتون کی کاشت اور پراسیسنگ، قابل تجدید توانائی، بحری رابطے، ہجرت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون شامل تھا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا اور اقوام متحدہ سمیت دیگر کثیر الجہتی فورمز میں تعاون پر بات کی۔ انہوں نے کثیر الجہتی نظام، عالمی امن اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
یہ دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب پاکستان اور پرتگال سفارتی تعلقات کی 77 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، جو 7 نومبر 1949 کو قائم ہوئے تھے۔ پاکستانی حکومتی اعداد و شمار کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت مالی سال 2025 میں 288 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، جو 2020 میں 189 ملین ڈالر تھی۔
رینجل کے ساتھ تقریباً 20 کمپنیوں پر مشتمل کاروباری وفد بھی ہے، جو پیر کو اسلام آباد میں پہلے پاکستان پرتگال بزنس فورم میں شرکت کر رہا ہے۔ یہ فورم خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے منعقد ہو رہا ہے اور اس میں دونوں ملکوں کی کمپنیاں زرعی خوراک، قابل تجدید توانائی، دواسازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل میں تجارتی شراکت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہی ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا۔ پرتگالی وزیر خارجہ اپنے قیام کے دوران پاکستان کی سیاسی قیادت کے دیگر ارکان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔








