پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 16 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ان کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے دو جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ہفتے کے روز راولپنڈی میں جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ کارروائیاں میر علی، دتہ خیل اور ان کے گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کے خلاف کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران علی خیل کے مقام پر 12 خوارج کو ہلاک کیا گیا، جن میں بھارتی سرپرستی میں چلنے والے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو افغان شہری بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ میر علی اور دتہ خیل میں دو، دو خوارج کو ہلاک کیا گیا، جس سے ان کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 16 ہو گئی۔
اعلامیے کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ دہشتگرد معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ان کارروائیوں کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے دونوں جوانوں میں ضلع صوابی کے رہائشی 43 سالہ حوالدار عصمت علی اور ضلع مردان کے رہائشی 32 سالہ نائیک آفتاب علی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جوانوں نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے مادرِ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں ملک بھر میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے سلسلے کا حصہ ہیں، جن کا مقصد دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ میر علی اور دتہ خیل کے جنرل ایریاز میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد، جن میں دو افغان شہری بھی شامل ہیں، بھارتی سرپرستی میں چلنے والے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں سے علاقے میں سرگرم دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو کاری ضرب پہنچی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور بقیہ خوارج کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری رہیں گے۔ اعلامیے کے مطابق شہدا کی یہ قربانیاں قوم اور فورسز کے حوصلے مزید بلند کرتی ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ آخری خارجی کے خاتمے تک جاری رہے گی۔








