Daily Hayat – روزنامہ حیات
Daily Hayat
زبان / LanguageEnglish
منگل، 22 ستمبر 2026•11:00 PMPKT
ای پیپر
mumtazkhaksar6@gmail.com
+92 345 8886292
جملہ حقوق بحق روزنامہ حیات محفوظ ہیں۔
ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad
صفحہ اولپاکستانپیٹرول اور ڈیزل کی مقامی پیداوار دگنی کرنے کی تیاری

پیٹرول اور ڈیزل کی مقامی پیداوار دگنی کرنے کی تیاریپاکستان

hammadkhaksar
hammadkhaksar
بدھ، 25 نومبر، 2026
3 منٹ
ہمیں فالو کریں:WhatsAppFacebook

اوگرا کی دستاویز کے مطابق پاکستان کی پانچ بڑی آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن پر 5 ارب 70 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے، جس سے پیٹرول اور ڈیزل کی مقامی پیداوار دگنی ہو جائے گی اور سالانہ ایک ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے۔

پیٹرول اور ڈیزل کی مقامی پیداوار دگنی کرنے کی تیاری
شیئر کریں:

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی دستاویز کے مطابق پاکستان اپنی پانچ بڑی آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ تیار کر چکا ہے، جس پر 5 ارب 70 کروڑ ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ منصوبے کا ہدف پیٹرول اور ڈیزل کی مقامی پیداوار دگنی کرنا اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنا ہے۔

دستاویز کے مطابق ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کے بعد پیٹرول کی یومیہ پیداوار 10 ہزار 702 ٹن سے بڑھ کر 21 ہزار 251 ٹن ہونے کا امکان ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی یومیہ پیداوار 21 ہزار 237 ٹن سے بڑھ کر 31 ہزار 288 ٹن تک پہنچ جائے گی۔ منصوبوں کی تکمیل سے سالانہ ایک ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے۔

ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad

منصوبے کے تحت تمام ریفائنریز میں پیٹرول اور ڈیزل کا معیار یورو فائیو تک بہتر بنانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے، جس سے مقامی سطح پر معیاری ایندھن کی دستیابی میں اضافہ ہوگا اور درآمدی ایندھن کی ضرورت کم کرنے میں مدد ملے گی۔

پارکو ریفائنری کی اپ گریڈیشن پر ایک ارب 40 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جسے 2029 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کی اپ گریڈیشن پر ایک ارب 70 کروڑ ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ ہے، جبکہ اس منصوبے کی تکمیل 2028 تک متوقع ہے۔

نیشنل ریفائنری لمیٹڈ کی اپ گریڈیشن کے لیے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری تجویز کی گئی ہے اور منصوبہ 2029 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اسی طرح سینرجیکو ریفائنری کی اپ گریڈیشن پر بھی ایک ارب ڈالر خرچ کیے جانے کا تخمینہ ہے، جس کی تکمیل 2030 تک متوقع ہے۔ اٹک ریفائنری کی اپ گریڈیشن کے لیے 60 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ منصوبہ 2029 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

یہ اپ گریڈیشن پروگرام براؤن فیلڈ پیٹرولیم ریفائننگ پالیسی 2026 کے تحت جاری ہے، جسے کابینہ کی توانائی کمیٹی نے جولائی 2026 میں منظور کیا تھا۔ پانچ میں سے چار ریفائنریز حکومت کے ساتھ باضابطہ اپ گریڈیشن معاہدوں پر دستخط کر چکی ہیں، اور انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کو پروگرام پر عملدرآمد اور نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

پاکستان اس وقت اپنے استعمال کا پیٹرول اور ڈیزل بڑی مقدار میں درآمد کرتا ہے، اور اپ گریڈیشن منصوبے کو توانائی کی خود کفالت اور درآمدی بل میں کمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم پیداوار میں اضافے اور زرمبادلہ کی بچت کے تخمینے منصوبوں کی تکمیل سے مشروط ہیں، جو منصوبہ بندی، انجینئرنگ اور مالیاتی مراحل کے مختلف مدارج پر ہیں۔

پیٹرول اور ڈیزل کی مقامی پیداوار دگنی کرنے کی تیاری